سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو زیر گردش ہے جس کی بنیاد پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حکومت اور ریاستی اداروں پر تنقید کرنے پر معروف عالم دین علامہ ناصر مدنی کو اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
علامہ ناصر مدنی کی مبینہ ویڈیو میں ان کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات نظر آ رہے ہیں۔
مولانا ناصر مدنی کو ” نا معلوم ” افراد نے اغواء کرکے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، صرف اس لیے کہ وہ حکمرانوں اور ریاستی اداروں کی پالیسیوں پر تنقید کرتے تھے۔ pic.twitter.com/Yskl3QaFrL
— Tribal Journalist (@News__Context) February 5, 2026
مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ علامہ ناصر مدنی پر حکومت یا اداروں کی جانب سے تشدد کی خبر فیک نیوز ہے۔
فیکٹ پلس کے مطابق مارچ 2020 میں کچھ لوگوں کی جانب سے علامہ ناصر مدنی کو اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
بعد ازاں علامہ ناصر مدنی پر تشدد کرنے والے ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا تھا، تاہم اس وقت بھی اس معاملے کا حکومت کا ریاستی اداروں سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
اب اسی پرانی ویڈیو کو نیا بنا کر پیش کیا جارہا ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ علامہ ناصر مدنی خیریت سے ہیں اور ان کے ساتھ حال ہی میں کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

