spot_img

مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی ازدواجی زندگی سے متعلق وائرل دعویٰ، حقیقت سامنے آگئی

سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی ازدواجی زندگی سے متعلق ایک غیر مصدقہ خبر گردش کر رہی ہے، جسے معروف تحقیقاتی صحافی عمر چیمہ سے منسوب کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پوسٹ میں عمر چیمہ کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے ازدواجی تعلقات ایک نازک مرحلے سے گزر رہے ہیں اور دونوں کے درمیان علیحدگی کا امکان ہے۔ پوسٹ میں شریف خاندان کے مبینہ طور پر پریشان ہونے کا دعویٰ بھی شامل ہے۔

’فیکٹ پلس‘ نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے، عمر چیمہ نے ایسا کوئی دعویٰ نہیں کیا۔

دوسری جانب عمر چیمہ نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اس خبر کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انہوں نے اس نوعیت کا کوئی بیان نہیں دیا۔

تحقیقاتی صحافی عمر چیمہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر واضح کیا ہے کہ ان کے نام سے پھیلائی جانے والی خبر جعلی ہے اور انہوں نے مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے ازدواجی تعلقات سے متعلق ایسی کوئی بات نہیں کی۔

واضح رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر ان دنوں خبروں میں ہیں، گزشتہ روز انہوں نے بریسٹ کینسر کا شکار خواتین سے متعلق متنازع گفتگو کی تھی، جس پر مریم نواز کا خواتین کے حق میں ردعمل بھی سامنے آیا۔

اس کے علاوہ احسن بھون مبینہ جعلی ڈگری کیس میں بھی کیپٹن صفدر شہ سرخیوں کی زینت بنے۔ اسی دوران مریم نواز کے ساتھ ان کے ازدواجی تعلقات کے حوالے سے یہ دعویٰ بھی سامنے آگیا۔

نتائج:۔ عمر چیمہ نے مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی ازدواجی زندگی سے متعلق کوئی دعویٰ نہیں کیا، سوشل میڈیا پر وائرل خبر فیک نیوز ہے۔

Author

تازہ ترین