spot_img

موبائل فونز پر ٹیکس میں کمی کی خبریں، حقیقت سامنے آگئی

سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس پر گردش کرنے والے ایک نوٹس نے صارفین میں گہری الجھن پیدا کردی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے درآمد شدہ اور رجسٹرڈ موبائل فونز پر ٹیکس میں کمی کی ہے۔

تاہم پی ٹی اے نے اس دعوے کو مکمل طور پر غلط قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسا کوئی سرکاری فیصلہ یا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

وائرل ہونے والا پیغام اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں شیئر کیا جا رہا تھا اور اسے ’قدر دان صارفین‘ کے نام سے مخاطب کیا گیا تھا۔

اس میں صارفین کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ رعایت صرف قانونی درآمد کنندگان اور رجسٹرڈ فروشوں کے لیے ہے، جبکہ عام صارفین یا ذاتی استعمال کے لیے فون درآمد کرنے والوں کو پہلے کی طرح ہی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

پیغام کے آخر میں عوام سے بار بار سوال نہ کرنے اور اس نوٹس کو سرکاری اعلامیے کے مترادف تسلیم کرنے کی ہدایت بھی دی گئی تھی۔

پی ٹی اے نے اس معاملے پر سختی سے کہاکہ موبائل فونز سے متعلق ٹیکس میں کسی بھی قسم کی کمی کی اجازت نہیں دی گئی اور نہ ہی ادارے نے اس حوالے سے کوئی نئی ہدایات جاری کی ہیں۔

اتھارٹی نے عوام، کاروباری حلقوں اور موبائل فون امپورٹرز کو خبردار کیا کہ وہ ایسے جعلی پیغامات کو نظرانداز کریں اور بغیر تصدیق کے معلومات پھیلانے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے مارکیٹ میں بے یقینی پیدا ہوتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جعلی نوٹس وائرل کرنے والے سرکاری انداز اختیار کر کے صارفین کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں لوگ خریداری مؤخر کر دیتے ہیں یا قیمتوں میں کمی کی توقع لگاتے ہیں جو حقیقت میں پوری نہیں ہوتی۔

پی ٹی اے نے یاد دہانی کرائی کہ ٹیکس، ڈیوائس رجسٹریشن یا درآمدی پالیسی سے متعلق کسی بھی سرکاری اعلان کا حق صرف ادارے کی ویب سائٹ اور تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے ہے، لہذا کسی بھی وائرل خبر پر یقین کرنے سے پہلے مستند ذرائع سے تصدیق کرنا ضروری ہے۔

Author

تازہ ترین