سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملے میں 4 معصوم بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین ایک ایسے گرافک کے ساتھ اس خبر کو شیئر کررہے ہیں، جس میں مبینہ طور پر مارے گئے 4 معصوم بچوں کی تصاویر بھی دکھائی گئی ہیں۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ 4 معصوم بچوں کے سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے جانے کی خبر کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، یہ فیک نیوز ہے۔
واضح رہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی ہے، جس کے جواب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی کارروائی کی ہے۔ جس سے دونوں اطراف لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز اور دھرنا شرکا کے درمیان ہونے والے تصادم میں 3 شہریوں کی اموات بھی ہوئی ہیں، تاہم مبینہ ڈرون حملے میں بچوں کے مارے جانے کی خبر درست نہیں۔
کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے جون 2026 سے راولاکوٹ میں احتجاج جاری ہے، اس وقت سے شہر اور گردونواح میں نظام زندگی درہم برہم ہے، اور لوگ معاشی طور پر بدحال ہو چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق راولاکوٹ میں متعدد گھروں پر کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد نے قبضہ کیا ہوا ہے، جہاں سے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
آزاد کشمیر پولیس نے واضح کیا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائےگی، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔
نتائج:۔ راولاکوٹ میں مبینہ ڈرون حملے کے دوران 4 بچوں کے مارے جانے کی خبر فیک نیوز ہے۔

