spot_img

سابق سینیٹر ڈاکٹر مشتاق کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی خبریں، حقیقت سامنے آگئی

مین اسٹریم میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے کہ جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وائرل خبر میں کہا جارہا ہے کہ مشتاق احمد نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بنی گالہ میں ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا، جس کا باضابطہ اعلان وہ آج کریں گے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد کے جماعت اسلامی کے ساتھ اختلافات ضرور ہیں مگر انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کی خبروں پر خاموشی توڑ دی ہے۔

اپنے ایک ویڈیو پر بیان میں انہوں نے کہاکہ میری پی ٹی آئی میں شمولیت کے حوالے سے خبریں درست نہیں، سوشل میڈیا پر اس حوالے سے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جو لوگ میرے کردار اور سوچ و فکر سے واقف ہیں وہ ایسی چیزوں پر مسکرا دیتے ہیں، ایسی باتیں بالکل ایک فراڈ ہے۔ میں اپنے ساتھیوں سے کہتا ہوں کہ سنی سنائی باتوں کو آگے نہ پھیلایا کریں، کوئی بھی خبر ملے تو پہلے اس کی تحقیق کیا کریں۔

مشتاق احمد نے کہاکہ اسلامی تحریک میری روح میں سمائی ہوئی ہے، جیسے مچھلی پانی کے بغیر نہیں رہ سکتی میں اسلامی تحریک کے بغیر نہیں رہ سکتا۔

انہوں نے کہاکہ میں اپنے لوگوں سے گزارش کرتا ہوں کہ کم از کم وہ ایسی باتوں کو نہ پھیلائیں۔

نتائج:۔ یہ خبر درست نہیں کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔

Author

تازہ ترین