میڈیا پر خبریں گردش کررہی ہیں کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر حالیہ ہفتوں میں کسی بھی وقت امریکا کا دورہ کر سکتے ہیں، جہاں ان کی صدر ٹرمپ سے ملاقات طے ہے، جس میں غزہ میں امن فورس کی تعیناتی پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔
یہ خبر سب سے پہلے انٹرنیشنل میڈیا آؤٹ لیٹ ’رائٹر‘ کی جانب سے بریک کی گئی، جس کے بعد مین اسٹیریم اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث شروع ہوگئی۔
اک واری فیر
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ امریکہ متوقع، رائٹرز pic.twitter.com/aHjOrcQIvF— Muzamil (@muzamil_45) December 17, 2025
’فیکٹ پلس‘ نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ فی الحال فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا امریکا کا کوئی دورہ شیڈول نہیں۔ یہ فیک نیوز ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے بدھ کے روز واضح کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے موجودہ شیڈول میں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کسی تیسری ملاقات کی کوئی منصوبہ بندی شامل نہیں۔
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے ’عرب نیوز‘ کے استفسار پر بتایا کہ اس وقت صدر کے کیلنڈر میں ایسی کسی ملاقات کا اندراج موجود نہیں ہے۔
واضح رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر رواں سال صدر ٹرمپ سے 2 مرتبہ ملاقات کر چکے ہیں۔ جون میں وائٹ ہاؤس میں ہونے والے لنچ میں انہیں مدعو کیا گیا تھا، جس میں پاکستانی سول قیادت شریک نہیں تھی، جبکہ اکتوبر میں دوسری ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں سید عاصم منیر کو اپنا پسندیدہ فیلڈ مارشل قرار دیتے ہوئے غزہ سے متعلق پاکستان کے امن اقدامات کی تعریف کی تھی۔
غزہ کے حوالے سے صدر ٹرمپ کا مجوزہ 20 نکاتی منصوبہ جنگ سے متاثرہ علاقے کو عبوری استحکام کے مرحلے سے گزارنے، بعد ازاں تعمیرِ نو اور مستقل سیاسی حل کی جانب لے جانے پر مشتمل ہے، جس میں مسلم اکثریتی ممالک پر مشتمل فورس کی تعیناتی کا تصور شامل ہے۔
ادھر پاکستان نے اسی ہفتے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے کھلے اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر اپنا مؤقف دہراتے ہوئے ایک ایسے سیاسی عمل کا مطالبہ کیا جو وقت کے تعین کے ساتھ ناقابلِ واپسی ہو اور جس کا نتیجہ ایک خود مختار فلسطینی ریاست کی صورت میں نکلے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور واشنگٹن، گزشتہ برسوں میں تعلقات میں تناؤ کے بعد دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھی کوششیں کر رہے ہیں، جسے ایک ممکنہ تجارتی معاہدے کی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
نتائج:۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ممکنہ دورہ امریکا اور صدر ٹرمپ سے ملاقات شیڈول ہونے کی خبر فیک نیوز ہے۔

