spot_img

آزاد کشمیر میں احتجاج پر بھارتی میڈیا کا منفی پروپیگنڈا، جعلی ویڈیوز پھیلائی جانے لگیں

بھارتی ذرائع ابلاغ نے آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام جاری مظاہروں کو منفی رنگ دینے کی کوششوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ بھارتی میڈیا ان مظاہروں کو اپنے سیاسی مفادات کے لیے توڑ مروڑ کر پیش کررہا ہے، تاکہ کشمیری عوام کے حقیقی احساسات اور ان کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو دبایا جا سکے۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی میڈیا نے پرانی فوٹیجز اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی جعلی ویڈیوز کو بنیاد بنا کر ایسا تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ جیسے آزاد کشمیر میں افراتفری اور پاکستان مخالف جذبات فروغ پا رہے ہوں، حالانکہ زمینی حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔

بھارتی میڈیا نے ان مظاہروں کو غیر حقیقت پسندانہ اور ڈرامائی انداز میں پیش کرکے ایک گمراہ کن بیانیہ تشکیل دیا ہے، جس کا مقصد عالمی رائے عامہ کو متاثر کرنا اور کشمیریوں کی پاکستان سے وابستگی کو کمزور ظاہر کرنا ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ان جھوٹے دعوؤں اور مصنوعی مواد کے باعث بھارتی میڈیا کی ساکھ پہلے ہی متاثر ہو چکی ہے۔ کشمیری عوام نے متعدد بار ایسے جعلی پروپیگنڈوں کو سختی سے مسترد کیا ہے اور واضح پیغام دیا ہے کہ بھارت کی جھوٹی خبریں ان کے دل سے پاکستان کی محبت یا آزادی کی خواہش کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

سوشل میڈیا پر بھی کشمیری نوجوانوں اور شہریوں کی جانب سے بھارتی میڈیا کے خلاف شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ متعدد صارفین نے ان جعلی رپورٹس کی مذمت کرتے ہوئے اپنے اتحاد اور جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق بھارتی میڈیا کی اس مہم کے ذریعے کشمیری عوام کی متحد اور پرعزم آواز کو خاموش نہیں کیا جا سکتا۔ آزادی، خودارادیت، اور پاکستان سے وفاداری کا جذبہ کشمیری عوام کے اندر آج بھی مضبوط ہے، جو کسی بھی پروپیگنڈا کے آگے نہیں جھکتا۔

یہ تمام صورت حال اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کے بارے میں ایک منظم مہم چلائی جا رہی ہے جس کا مقصد زمینی حقائق کو چھپانا اور عالمی برادری کو گمراہ کرنا ہے۔ تاہم کشمیری عوام اپنے حق کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے اور عالمی سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Author

تازہ ترین