spot_img

جعلی موبائل ایپس: پی آئی اے نے مسافروں کو خبردار کردیا

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جعلی موبائل ایپلیکیشنز کے حوالے سے مسافروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ عناصر فیس بک اور واٹس ایپ پر خود کو ایئرلائن کا نمائندہ ظاہر کر کے صارفین کو دھوکہ دے رہے ہیں۔

پی آئی اے کے جاری کردہ کسٹمر الرٹ کے مطابق، بعض افراد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایئرلائن کے نام سے جعلی ایپس کی تشہیر کر رہے ہیں اور لوگوں کو انہیں ڈاؤن لوڈ کرنے پر آمادہ کر رہے ہیں۔

قومی ایئرلائن نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی غیر سرکاری لنک یا ایجنٹ کے ذریعے ایپ فراہم نہیں کی جاتی، لہٰذا صارفین صرف گوگل پلے اسٹور، ایپل ایپ اسٹور یا پی آئی اے کی آفیشل ویب سائٹ www.piac.com.pk سے ہی ایپ حاصل کریں۔

الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شہری اپنی ذاتی یا مالی معلومات کسی غیر مستند ذریعے کے ساتھ شیئر نہ کریں کیونکہ اس سے مالی نقصان کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

پی آئی اے کے مطابق حالیہ عرصے میں سائبر فراڈ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جہاں جعلساز ایئرلائن کے نام اور لوگو کا استعمال کرتے ہوئے واٹس ایپ پر پرکشش آفرز کا جھانسہ دیتے ہیں اور فائل ڈاؤن لوڈ کرواتے ہیں، جس کے نتیجے میں موبائل ہیک ہو کر اکاؤنٹس سے رقم نکالی جا سکتی ہے۔

پی آئی اے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی پیشکش یا معلومات کی تصدیق صرف آفیشل ذرائع سے کریں اور مشکوک لنکس یا پیغامات سے اجتناب کریں۔

پی آئی اے کی جانب سے مزید معلومات اور بکنگ کے لیے ہیلپ لائن 786-786-111 یا آفیشل ویب سائٹ سے رابطہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

Author

تازہ ترین