سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے خلاف مریدکے میں کیے گئے آپریشن میں 180 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ سینکڑوں زخمی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل کچھ پوسٹوں میں تحریک لبیک پاکستان کے امیر حافظ سعد رضوی اور ان کے بھائی انس رضوی کے جاں بحق ہونے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔
تحریک لبیک کے 180 لوگ شہید؟؟ pic.twitter.com/xzi1f6oKkf
— Zaeem leghari (@Zaeemlegharii) October 13, 2025
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ حافظ سعد رضوی اور ان کے بھائی انس رضوی کے آپریشن میں جاں بحق ہونے کی خبریں درست نہیں۔
فیکٹ پلس کے مطابق مریدکے آپریشن کے دوران 180 افراد کے جاں بحق ہونے کی خبریں بھی غلط ہیں۔
فیکٹ پلس نے پنجاب پولیس سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ آپریشن کے دوران ایک ایس ایچ او شہید ہوا ہے، جبکہ احتجاج کے شرکا میں سے 3 افراد اور ایک راہگیر گولی لگنے سے جاں بحق ہوا۔
فیکٹ پلس نے آزاد ذرائع سے بھی تصدیق کی تو 180 افراد کے جاں بحق ہونے کی کہیں سے بھی تصدیق نہ ہوئی۔ ’اگر اموات 3 یا 4 سے زیادہ بھی ہیں تو کم از اتنی زیادہ نہیں جتنا دعویٰ کیا جارہا ہے‘۔
اس کے علاوہ ان خبروں میں بھی کوئی حقیقت نہیں کہ سعد رضوی اور ان کے بھائی انس رضوی کو جاں بحق کردیا گیا ہے۔ دراصل وہ دونوں آپریشن کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
میرے پاس سو فیصد پکی خبر ہے کہ سعد رضوی اور انس رضوی پولیس یا کسی انٹیلیجنس ایجنسی کی تحویل میں نہیں ہیں وہ روپوش ہیں
پولیس جانتی ہے کہ دونوں بھائیوں کے ماننے والے ان کے لیے جان دے بھی سکتے ہیں اور لے بھی سکتے ہیں
اعزاز سید pic.twitter.com/ZWU1shQ5GZ— Waqar khan (@Waqarkhan123) October 14, 2025
پولیس کا کہنا ہے کہ حافظ سعد رضوی اور انس رضوی کی لوکیشن ٹریس کرلی گی ہے اور جلد وہ قانون کے کٹہرے میں ہوں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سعد رضوی کو اگر گولی لگی ہے تو سامنے آئیں تاکہ اس کے مطابق کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔
نتائج:۔ ان دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں کہ سعد رضوی بھائی سمیت جاں بحق ہوگئے ہیں، اور مریدکے آپریشن میں 180 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے۔ یہ سب فیک نیوز ہیں۔

