spot_img

فیکٹ چیک: کیا لاہور میں بسنت کے موقع پر اسکولوں میں 10 روزہ تعطیلات کا اعلان کردیا گیا؟

لاہور میں بسنت کے انعقاد سے قبل سوشل میڈیا پر پنجاب کے محکمہ اسکول ایجوکیشن سے منسوب ایک پبلک نوٹس وائرل ہورہا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یکم فروری سے 10 فروری تک صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکول بند رہیں گے۔

وائرل نوٹس میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا کہ بسنت کی سرگرمیوں کے لیے اسکولوں کی چھتیں کرائے یا نیلامی پر دی جا سکتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس دستاویز، جس کی تاریخ 26 جنوری درج ہے، میں کہا گیا ہے کہ بسنت کے تہوار کے باعث یکم فروری سے 10 فروری 2026 تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں اور ضلعی تعلیمی حکام کو اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اس مبینہ نوٹیفکیشن پر محکمہ اسکول ایجوکیشن کے سیکریٹری مدثر ریاض ملک کے مبینہ دستخط بھی موجود دکھائے گئے ہیں۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ نوٹیفکیشن جعلی اور من گھڑت ہے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن کے سیکریٹری مدثر ریاض ملک نے بھی تصدیق کی کہ ان کے محکمے کی جانب سے یکم فروری سے 10 فروری تک اسکولوں کی تعطیلات کے حوالے سے کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے واضح کیاکہ بسنت کے موقع پر صوبے بھر کے اسکولوں میں چھٹیوں کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بسنت کی سرگرمیاں ہفتہ اور اتوار کو متوقع ہیں، جو پہلے ہی سرکاری تعطیلات کے دن ہوتے ہیں، اس لیے اضافی چھٹیوں کی ضرورت نہیں۔

وزیر تعلیم کے پبلک ریلیشنز آفیسر نور الہدیٰ نے بھی اس نوٹس کو جعلی قرار دیتے ہوئے وضاحت کی کہ اگر 6 یا 7 فروری کو کسی قسم کی چھٹی کا اعلان کیا جاتا ہے تو وہ صرف مقامی تعطیل ہوگی، جس کا اختیار متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے پاس ہوتا ہے۔

ان کے مطابق ایسی کسی بھی چھٹی کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری کیا جائے گا، محکمہ اسکول ایجوکیشن کا ان معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔

نتائج:۔ پنجاب حکومت کے حکام کے مطابق بسنت کے موقع پر صوبے بھر میں اسکولوں کی تعطیلات کے حوالے سے کوئی سرکاری احکامات جاری نہیں کیے گئے۔ کسی بھی ممکنہ مقامی تعطیل کا اعلان متعلقہ ڈپٹی کمشنر کرے گا، نہ کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن۔

Author

تازہ ترین