امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان نے جنگ میں حصہ لینے اور اسرائیل پر حملہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔
فیکٹ پلس کی تحقیق کے مطابق یہ دعویٰ غلط ہے، ویڈیو کلپ مصنوعی ذہانت کے ٹولز کی مدد سے تیار کیا گیا تھا۔
ویڈیو کے 51 سیکنڈ کے کلپ میں مبینہ طور پر ٹرمپ کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ: ”پاکستان نے اسرائیل اور امریکا کو خبردار کیا ہے، کیونکہ اسرائیل نے کہا تھا کہ ایران کے بعد پاکستان دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان اپنی فضائی، زمینی اور بحری افواج کے ساتھ مکمل الرٹ ہے۔“
خدا دی قسم خواجہ محمد آ صف صاحب اسی راضی ہاں تیرے تے۔۔ شہزادہ
پاکستان ہمیشہ زندہ باد pic.twitter.com/fGeV5Lo8ax— Karachi da Patwari (@MS_Pml_n) March 3, 2026
اس میں مزید یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان اسرائیل کو تباہ کر سکتا ہے، اور ٹرمپ پاکستان کو اس میں شامل نہ ہونے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
فیکٹ پلس کے مطابق ویڈیو کے کی فریمز کی ریورس امیج سرچ سے اصل فوٹیج 30 مئی 2025 کی پائی گئی، جب ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں امریکی بزنس مین ایلون مسک کے ساتھ پریس کانفرنس کی تھی۔
اس اصل پریس کانفرنس میں پاکستان کے وزیر دفاع کا ذکر کہیں نہیں آیا۔ پاکستان کا واحد حوالہ تقریباً 13:00 منٹ پر تھا، جب ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے حکام کا مئی میں ہونے والے مسلح تصادم کے خاتمے پر شکریہ ادا کیا۔
مزید برآں، ہائیو ماڈریشن نامی اے آئی پلیٹ فارم نے اس وائرل کلپ کا تجزیہ کیا اور 95.4 فیصد اسکور دیا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ویڈیو کی آڈیو اے آئی کے ذریعے تیار کی گئی تھی۔
نتیجہ: ڈونلڈ ٹرمپ نے 28 فروری کے ایران پر امریکی حملے کے بعد پاکستان، اس کی فوج یا وزیر دفاع کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا، وائرل ویڈیو اے آئی سے تیار کی گئی ہے۔

