spot_img

فیکٹ چیک: سہیل وڑائچ نے مریم نواز کیخلاف کوئی ریمارکس نہیں دیے، وائرل پوسٹ گمراہ کن

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں کی جانب سے ایک مبینہ پوسٹ شیئر کی جارہی ہے جس میں ڈیجیٹل نیوز آؤٹ لیٹ ’سیاست ڈاٹ پی کے‘ کے حوالے سے سینیئر صحافی سہیل وڑائچ کا پنجاب کی وزیرِاعلیٰ مریم نواز سے متعلق ایک بیان دکھایا گیا ہے۔

مبینہ بیان میں سہیل وڑائچ سے منسوب کرکے کہا گیا ہے کہ ’مریم نواز جس قسم کا اینٹی ایجنگ ٹریٹمنٹ کروا رہی ہیں اس کا برا اثر یہ ہوتا ہے کہ دماغ کے خلیے سکڑ جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ مریم بچوں والی حرکات کررہی ہیں، اور حد سے زیادہ ضدی ہیں ورنہ کوئی جاہل ہی ہوگا جو سیلاب کی امداد پر اپنی تصویریں لگائے گا۔‘

واضح رہے کہ پنجاب اس وقت بدترین سیلابی صورتحال سے دوچار ہے۔ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح غیر معمولی حد تک بلند ہے جس سے وسیع علاقے خطرے میں ہیں، جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مزید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جو لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات میں شہری سیلاب کا باعث بن سکتی ہیں۔

حکومت پنجاب نے لاکھوں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے، اور صوبے کے مختلف علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔

فیکٹ پلس نے سوشل میڈیا پر وائرل سہیل وڑائچ کے اس مبینہ بیان کی تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔

فیکٹ پلس کے مطابق سہیل وڑائچ نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔ نہ ہی ’سیاست ڈاٹ پی کے‘ نے ایسی کوئی پوسٹ سینیئر صحافی سے منسوب کرکے شیئر کی۔ یہ پوسٹ از خود کسی نے بنا کر ڈیجیٹل میڈیا آؤٹ لیٹ کا لوگو استعمال کیا۔

نتائج:۔ فیکٹ چیک کے مطابق یہ دعویٰ کہ وائرل پوسٹ میں سہیل وڑائچ نے مریم نواز کے بارے میں تنقیدی ریمارکس دیے ہیں، غلط ہے۔ یہ پوسٹ جعلی ہے اور اس بات کا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ سہیل وڑائچ نے ایسے کلمات ادا کیے ہوں۔

Author

تازہ ترین