سوشل میڈیا پر ایک مبینہ نوٹیفکیشن وائرل ہے جس میں کہا جارہا ہے کہ ملک میں تیل کے بحران کے پیشِ نظر وزیراعظم کے ہدایت پر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان میں ہر ہفتے ہفتہ اور اتوار کو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام ملک میں ایندھن کی بچت اور عوامی سہولت کے لیے کیا جا رہا ہے۔

مبینہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس لاک ڈاؤن کا آغاز ہفتہ کی رات 12:01 بجے سے ہوگا اور اتوار کی رات 11:59 بجے تک جاری رہے گا۔ اس دوران تمام کاروبار، مارکیٹیں، صنعتی ادارے اور سروس سیکٹر بند رہیں گے جبکہ شادی یا دیگر تقریبات پر بھی پابندی ہوگی۔
وائرل نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام انٹر سٹی موٹرویز، ہائی ویز اور اہم سڑکیں بند رکھی جائیں گی، سوائے پبلک ٹرانسپورٹ بسوں کے۔ اس دوران اسپتال، فارمیسی، ہوائی اڈے، بندرگاہیں، ریلوے اسٹیشن اور دیگر ضروری خدمات بغیر رکاوٹ جاری رہیں گی۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ نوٹیفکیشن جعلی ہے، حکومت کی جانب سے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔
وزارت اطلاعات میں موجود ذرائع نے بھی فیکٹ پلس کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل نوٹیفکیشن جعلی ہے۔
نتائج:۔ حکومت نے پیٹرولیم بحران کے خدشے کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اعلان نہیں کیا، وائرل نوٹیفکیشن جعلی ہے۔

