سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی کی امام بارگاہ میں ہونے والے خود کش دھماکے کے دوران آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون بھی جاں بحق ہوگئی ہے۔
سوشل میڈیا پر خاتون کا نام گلشن اسرار بتایا جا رہا ہے، اور ایک مبینہ تصویر بھی وائرل ہو رہی ہے۔
نادیہ ملک نامی فیس بک آئی ڈی سے ایک تحریر میں دعویٰ کیا گیا کہ گلشن اسرار میری دوست تھی۔ ’وہ کتنی خوش نصیب تھی کہ آج ہی عمرے کی سعادت حاصل کرکے آئی تھی اور پاک صاف ہو کر اپنے رب کے پاس چلی گئی۔ ابھی تو اسے جی بھر کر ملنا تھا، لیکن اللہ کو کچھ اور ہی منظور تھا۔‘

’فیکٹ پلس‘ نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ ترلائی اسلام آباد خود کش دھماکے میں آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والی کسی خاتون کی موت واقع نہیں ہوئی۔ یہ فیک نیوز ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز ترلائی اسلام آباد میں ہونے والے خود کش دھماکے میں 30 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ متعدد زخمی ہیں۔
چونکہ نماز جمعہ کے وقت مرد وہاں پر موجود تھے، اور خواتین نہیں تھیں اس لیے بھی گلشن اسرار نامی خاتون کی موت کا دعویٰ غلط ثابت ہوتا ہے۔
امام بارگاہ کی انتظامیہ اور پولیس نے بھی فیکٹ پلس کو کنفرم کیاکہ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والی گلشن اسرار نامی کسی خاتون کی اس خود کش دھماکے میں موت واقع نہیں ہوئی، یہ فیک نیوز ہے۔
نتائج:۔ ترلائی خود کش دھماکے میں آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والی خاتون کی موت کی خبر فیک نیوز ہے۔

