spot_img

فیکٹ چیک: کیا وفاقی سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے لیے عمر کی حد میں اضافہ کردیا گیا؟

سوشل میڈیا پر سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے سے متعلق ایک مبینہ نوٹیفکیشن گردش کررہا ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ریٹائرمنٹ کی حد 60 سال سے بڑھا کر 63 سال کردی ہے۔

وائرل ہونے والے نوٹیفکیشن میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نام سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تمام وفاقی سرکاری ملازمین کو 3 سال کی توسیع دی جا رہی ہے اور اس فیصلے کا اطلاق یکم جنوری 2026 سے ہوگا۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ نوٹیفکیشن فیک ہے۔

سرکاری ذرائع نے بھی اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مذکورہ نوٹیفکیشن مکمل طور پر جعلی اور بے بنیاد ہے۔

ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی دستاویز میں خیبرپختونخوا حکومت کا لوگو اور ایک آفیسر کے جعلی دستخط کیے گئے ہیں۔

جعلی نوٹیفکیشن میں فنانس ڈویژن اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے فرضی حوالہ نمبرز بھی درج ہیں، جبکہ حقیقت میں اس نوعیت کا کوئی نوٹیفکیشن جاری ہی نہیں کیا گیا۔ نہ ہی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے کی کوئی منظوری دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی اس قسم کی جھوٹی خبریں اور جعلی نوٹیفکیشنز سوشل میڈیا پر سامنے آ چکے ہیں، جن کا مقصد سرکاری ملازمین اور عوام میں کنفیوژن اور بے یقینی پیدا کرنا ہوتا ہے۔

متعلقہ اداروں نے عوام اور سرکاری ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ ایسی غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین کرنے کے بجائے صرف مستند سرکاری ذرائع اور سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والے نوٹیفکیشنز کو ہی قابلِ اعتماد سمجھا جائے۔

Author

تازہ ترین