spot_img

فیکٹ چیک: کیا ایچ ای سی نے ’ڈی اے ای‘ کو بیچلر ڈگری کے مساوی قرار دے دیا؟

سوشل میڈیا پر ایک مبینہ نوٹیفکیشن گردش کررہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے تین سالہ ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینیئرنگ (ڈی اے ای) کو 14 سالہ تعلیم یا بیچلر ڈگری کے مساوی قرار دے دیا ہے۔ اور اس بنیاد پر ’ڈی اے ای‘ کے حامل طلبہ براہِ راست ماسٹرز پروگرامز میں داخلہ حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ مبینہ نوٹیفکیشن 23 جولائی کی تاریخ کے ساتھ فیس بک اور دیگر پلیٹ فارمز پر وائرل ہوا، جس میں یہ ظاہر کیا گیا کہ ایچ ای سی نے تمام ایکریڈیٹیشن اور تصدیق کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ’ڈی اے ای‘ کو تعلیمی ترقی، ملازمت اور مقابلے کے امتحانات کے لیے 14 سالہ تعلیم کے مساوی تصور کیا جائے۔

نوٹیفکیشن میں یہاں تک دعویٰ کیا گیا کہ یہ تبدیلی انجینیئرنگ ٹیکنالوجی، اپلائیڈ سائنسز اور ٹیکنیکل مینجمنٹ جیسے شعبوں کے بی ایس، بی ایس سی پروگرامز میں داخلے کے لیے بھی مؤثر ہوگی۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ نوٹیفکشن جعلی ہے، ایچ ای سی نے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا نہ ایسی کوئی ہدایات جاری کی ہیں۔

ایچ ای سی کے ترجمان طارق اقبال نے ایک پیغام میں بتایا کہ یہ دستاویز جعلی ہے اور کمیشن نے اسے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر بھی جھوٹا قرار دے رکھا ہے۔

مزید تحقیق کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ اس جعلی نوٹیفکیشن میں درج ایچ ای سی کے رابطہ نمبرز اور ای میل ایڈریس یا تو ناقابلِ فہم ہیں یا واضح طور پر جان بوجھ کر مسخ کیے گئے ہیں۔

نتائج:۔ ایچ ای سی نے ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینیئرنگ (ڈی اے ای) کو بیچلر ڈگری کے برابر قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا، یہ دستاویز جعلی ہے۔

Author

تازہ ترین