spot_img

فیکٹ چیک: خاتون پر پولیس کی موجودگی میں تشدد کی ویڈیو سے متعلق حقائق سامنے آگئے

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک شخص کو پولیس کی موجودگی میں ایک خاتون کو تھپڑ مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ حالیہ ہے اور پولیس نے مداخلت نہیں کی، نہ ہی کوئی کارروائی کی گئی۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو 23 اپریل 2025 کو پنجاب کے ضلع جھنگ میں پیش آنے والے ایک واقعے کی ہے۔

’تحصیل شور کوٹ کے پولیس اسٹیشن ریاں والا کی حدود میں زمین کے ایک تنازع کے دوران دو قریبی رشتے داروں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، اور پولیس بھی اس دوران موقع پر موجود تھی۔‘

ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کی شناخت ذکا اللہ ولد حاجی احمد کے طور پر ہوئی ہے، جس نے شازیہ پروین زوجہ افتخار احمد کو تھپڑ مارا۔

ویڈیو سامنے آنے کے فوراً بعد ذکااللہ کو گرفتار کرلیا گیا، اور اس کے خلاف ایف آئی آر نمبر 205/25 بجرم دفعہ 354 تعزیرات پاکستان تھانہ وڑائچاں میں درج کی گئی۔

علاوہ ازیں موقع پر موجود اے ایس آئی محمد شفیق، کانسٹیبل محمد مرتضیٰ اور کانسٹیبل بشارت علی کو فوری طور پر معطل کرکے چارج شیٹ کردیا گیا۔

نتیجہ: ویڈیو اصلی مگر پرانی ہے، اور پولیس نے اس پر کارروائی کی ہے۔

Author

تازہ ترین