spot_img

فیکٹ چیک: کیا اقوام متحدہ نے پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کے لیے اپنی خدمات بند کردیں؟

پاکستانی سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس میں تیزی سے ایک پیغام پھیل رہا ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) نے 17 اگست 2025 سے پاکستان میں افغان مہاجرین کو دی جانے والی تمام سہولتیں اور خدمات ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وائرل ہونے والے اس پیغام کے ساتھ ’یو این ایچ سی آر‘ کا لوگو بھی شامل ہے تاکہ اسے حقیقی ظاہر کیا جا سکے۔

یہ افواہیں اس پس منظر میں سامنے آئیں جب حکومتِ پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ یکم ستمبر سے پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ رکھنے والے 13 لاکھ سے زیادہ افغان شہریوں کو ملک بدر کیا جائے گا۔

حقیقت کیا ہے؟

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقیقت جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ دعویٰ سراسر غلط ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین نے اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے اور واضح کیا ہے کہ پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کے لیے ان کی سرگرمیاں حسبِ سابق جاری ہیں۔

اسلام آباد میں یو این ایچ سی آر کے ترجمان قیصر خان آفریدی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ دعویٰ مکمل طور پر جعلی ہے۔ ہم نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی اس خبر کی تردید کی ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر یقین نہ کریں۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ یو این ایچ سی آر 1979 سے پاکستان میں سرگرم ہے اور پناہ گزینوں کو تعلیم، صحت اور فلاحی منصوبوں کے ذریعے مدد فراہم کر رہا ہے۔ ان کے بقول ادارے کے تمام پروگرام معمول کے مطابق جاری ہیں اور کسی قسم کی بندش نہیں ہوئی۔

یو این ایچ سی آر نے اپنے فیس بک پیج پر بھی ایک وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں وائرل پوسٹ کو جعلی قرار دے کر مسترد کیا گیا۔ ادارے نے مؤقف اپنایا کہ ایسی گمراہ کن خبروں کا مقصد صرف افواہیں پھیلانا اور پناہ گزینوں میں بے چینی پیدا کرنا ہے۔

نتائج:۔ یہ دعویٰ کہ اقوامِ متحدہ کا ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) پاکستان میں افغان مہاجرین کے لیے اپنی سرگرمیاں بند کر چکا ہے غلط ہے۔

Author

تازہ ترین