سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں ایک نوٹیفیکیشن وائرل ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پنجاب حکومت نے سینیئر وزیر مریم اورنگزیب اور وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری کے ذاتی میک اَپ اور پریزنٹیشن کے اخراجات کے لیے 4 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ منظور کی ہے۔
اس مبینہ نوٹیفیکیشن کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت تنقید کی گئی اور مختلف سوالات بھی اٹھائے گئے۔
*پنجاب حکومت کی طرف سے مریم اورنگزیب اور عظمی بخاری کے میک اپ کے لیے 4 کروڑ فنڈ گرانٹ جاری۔*#عوام_کا_پیسہ#مراد_علی_شاہ_استعفی_دو pic.twitter.com/nVnwyF5i6T
— ذاکر اللہ (@FNZ441894) January 19, 2026
فیک پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ نوٹیفکیشن جعلی ہے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے بھی اس نوٹیفیکیشن کو جعلی اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے واضح کیاکہ اس کا حکومتِ پنجاب سے کوئی تعلق نہیں۔
متعدد سوشل میڈیا صارفین نے اس جعلی خبر کی مذمت کی اور کہاکہ جھوٹے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کے ذریعے اخلاقی اور قانونی حدود کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی فیک نیوز معاشرے میں انتشار اور بے چینی پیدا کرتی ہے۔
کئی صارفین نے زور دیا کہ جب تک جعلی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جائے گی، اس رجحان کا خاتمہ ممکن نہیں۔
صارفین نے مطالبہ کیاکہ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں جھوٹے نوٹیفیکیشنز پھیلانے کی حوصلہ شکنی ہو۔

