spot_img

فیکٹ چیک: کیا ایکشن کمیٹی کا احتجاج قریب آتے ہی وزیراعظم آزاد کشمیر نے عمرے پر جانے کا فیصلہ کرلیا؟

سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے کہ ایکشن کمیٹی کا 29 ستمبر کو احتجاج قریب آتے ہی وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے عمرے پر جانے کا فیصلہ کرلیا۔

وائرل خبر میں کہا جارہا ہے کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق 25 ستمبر پر سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے اور یہ دورہ وہ نجی حیثیت سے کریں گے۔

خبر میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم قریباً 10 روز تک سعودی عرب میں قیام کریں گے، اور پھر عمرے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس روانہ ہوں گے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے عمرے پر جانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

وزیراعظم ہاؤس کے ذمہ دار ذرائع نے فیکٹ پلس کو بتایا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے عمرے پر جانے کی خبریں مخصوص ایجنڈے کے تحت چلائی جارہی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

واضح رہے کہ جائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 29 ستمبر کو آزاد کشمیر میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ ایکشن کمیٹی نے 38 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 28 ستمبر تک اس پر پیشرفت نہ ہوئی تو 29 ستمبر کو ریاست میں غیرمعینہ مدت تک کے لیے لاک ڈاؤن کردیں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ ہم کسی کو بھی ریاست میں افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ تاہم عوامی مطالبات پر ہم بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق پاکستان میں ہی موجود ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اور ایکشن کمیٹی کے احتجاج سے متعلق بھی کھل کر اظہار کیا۔

نتائج:۔ اس خبر میں کوئی حقیقت نہیں کہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے ایکشن کمیٹی کا احتجاج قریب آتے ہی عمرے پر جانے کا فیصلہ کرلیا۔ یہ فیک نیوز ہے۔

Author

تازہ ترین