سوشل میڈیا پر وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کا ایک مبینہ بیان وائرل ہورہا ہے، جس کے مطابق انہوں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں رکھنے کا ملبہ اسٹیلبشمنٹ پر ڈال دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل بیان کے مطابق رانا ثنااللہ نے کہاکہ ہمیں کوئی شوق نہیں کہ عمران خان کو جیل میں رکھیں۔ اگر یہ صرف ہمارا معاملہ ہوتا تو ہم جیل میں رکھ ہی نہیں سکتے تھے کیوں کہ وہ قانونی طریقے سے باہر آ جاتے، لیکن ان کا اصل معاملہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہے۔
اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین خصوصاً عمران خان کے چاہنے والے بغیر تحقیق شیئر کررہے ہیں اور مختلف تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔
فیکٹ پلس نے اس بیان کے حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ رانا ثنااللہ نے ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ یہ فیک نیوز رانا ثنااللہ سے منسوب کی گئی ہے۔
رانا ثنااللہ کے حوالے سے سیاست ڈاٹ پی کے نام سے منسوب جعلی ایڈیٹ شدہ بیان شئیر کیا جارہا ہے جس کو لوگ بغیر تصدیق کے آگے شئیر کررہے ہیں pic.twitter.com/RLTX0134Zm
— Expose Propaganda (@EPropoganda1) July 25, 2025
فیکٹ پلس کے مطابق کسی سوشل میڈیا صارف نے رانا ثنااللہ کی تصویر لگا کر غلط بیان ان سے منسوب کرکے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا، جسے لوگوں نے سچ سمجھ کر آگے پھیلانا شروع کردیا۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اس وقت 190 ملین پاؤنڈ کیس میں جیل میں قید ہیں اور سزا کاٹ رہے ہیں، جبکہ ان کے خلاف دیگر کیسز بھی چل رہے ہیں۔
نتائج:۔ اس خبر میں کوئی حقیقت نہیں کہ رانا ثنااللہ نے عمران خان کو جیل میں رکھنے کا ملبہ اسٹیبلشمنٹ پر ڈال دیا ہے۔

