spot_img

فیکٹ چیک: کیا وزیراعظم شہباز شریف نے پوزیشن ہولڈر طلبا کو الیکٹرک رکشے اور لوڈر فراہم کرنے کا اعلان کیا؟

سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پوزیشن ہولڈر طلبا کو الیکٹرک رکشے اور لوڈر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک اخبار میں چھپنے والی یہ خبر (اخبار کا نام معلوم نہیں) وائرل ہورہی ہے۔ جس کی سرخی کچھ اس طرح ہے۔ ’وزیراعظم کا ٹاپر طلبا کو الیکٹرک رکشے اور لوڈر فراہم کرنے کا اعلان‘۔

سوشل میڈیا صارفین اس خبر کو بغیر تحقیق دھڑا دھڑ شیئر کررہے ہیں اور حکومت پر تنقید کی جارہی ہے کہ حکومت کا ویژن تو دیکھ لیجیے کہ پوزیشن ہولڈر طلبا کو رکشے اور لوڈر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

سینیئر اینکر پرسن ملیحہ ہاشمی نے بھی اخبار کی اس کٹنگ کو شیئر کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کی ہے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے، دراصل وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈر طلبا کو الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت ملک بھر کے بورڈز کے ٹاپرز کو الیکٹرک بائیکس فراہم کرے گی۔

اسی اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ الیکٹرک وہیکل کی عام آدمی تک رسائی کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کا جامع لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ الیکٹرک وہیکل کے حصول میں حکومتی معاونت کی اسکیم کے بارے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے، مجوزہ اسکیم میں دی جانے والی الیکٹرک بائیکس، رکشوں و لوڈرز کے بہترین معیار اور ان کے سیفٹی معیار پر پورا اترنے کو یقینی بنایا جائے۔

فیکٹ پلس کی تحقیق کے مطابق اس اجلاس میں جہاں پوزیشن ہولڈر طلبا کے لیے ای بائیکس کا اعلان کیا گیا وہیں ضرورت مند افراد کو رکشہ اور لوڈر آسان اقساط پر دینے کے منصوبے پر بھی بات کی گئی۔

فیکٹ پلس کے مطابق اس خبر میں کوئی حقیقت نہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پوزیشن ہولڈر طلبا کو الیکٹرک رکشے اور لوڈر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

نتائج:۔ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں کہ وزیراعظم نے پوزیشن ہولڈر طلبا کو الیکٹرک رکشے اور لوڈر فراہم کرنے کا اعلان ہے۔ یہ فیک نیوز ہے۔

Author

تازہ ترین