spot_img

فیکٹ چیک: کیا خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں نقلی ’پیزا ہٹ‘ کا افتتاح کیا؟ حقیقت سامنے آگئی

سوشل میڈیا پر کچھ روز سے ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں نقلی پیزا ہٹ کا افتتاح کیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین اس خبر کو بنیاد بنا کر وزیر دفاع خواجہ آصف کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور مختلف تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

’فیکٹ پلس‘ نے اس حوالے سے اصل حقیقت جاننے کے لیے سمیع اللہ خان سے رابطہ کیا جنہوں نے سیالکوٹ میں پیزا ہٹ کی برانچ کا افتتاح کرایا۔

فیکٹ پلس سے گفتگو کرتے ہوئے پیزا ہٹ پاکستان کی فرنچائزز کو لائسنس دینے والی کمپنی ماکس انٹرنیشنل کے مالک سمیع اللہ خان نے کہاکہ ان کی کمپنی کے پاس اصل اور مستند پیزا ہٹ کی ملکیت ہے اور دیگر کمپنیوں کے دعوے غلط ہیں۔

ان کے مطابق ان کا اس حوالے سے دوسری کمپنی کے ساتھ عدالت میں کیس چل رہا ہے، اور انہوں نے اسٹے آرڈر بھی لے رکھا ہے۔

سمیع اللہ خان نے مزید کہاکہ انہوں نے خود پیزا ہٹ کو خریدا اور اب پاکستان میں فرنچائزز کو آن کرنے کا کام کررہے ہیں۔

دوسری جانب ایکس پر ’ٹیم خواجہ آصف‘ کے نام سے ایک اکاؤنٹ نے ایکس پوسٹ میں بتایا کہ پاکستان میں پیزا ہٹ کئی مجاز فرنچائز پارٹنرز کے ذریعے کام کرتا ہے، جن میں یم فوڈز کے علاوہ ماکس انٹرنیشنل بھی شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ سیالکوٹ میں موجود پیزا ہٹ آؤٹ لیٹ ماکس انٹرنیشنل کے تحت چل رہا ہے اور یہ مکمل طور پر قانونی اور مجاز ہے۔

خواجہ آصف کی ٹیم کے مطابق اس آؤٹ لیٹ کے مرچنٹ اکاؤنٹ پیزا ہٹ کے نام سے رجسٹرڈ ہیں، اس میں پیزا ہٹ کا آفیشل پوائنٹ آف سیل سافٹ ویئر استعمال کیا جا رہا ہے، برانڈڈ مصنوعات دستیاب ہیں اور برانڈنگ و آپریشنز کے معیار عالمی اصولوں کے مطابق ہیں۔

بیان میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے بجائے مستند حقائق پر بھروسہ کریں۔

Author

تازہ ترین