سوشل میڈیا پر ایک خبر وائرل ہورہی ہے جس کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا کوئی شہری آئینی طور پر پاکستانی شہری نہیں، اس کا کسی بھی انتشار میں شامل ہونا دہشتگردی میں شامل ہونا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی جانب سے احتجاج کی فائنل کال کے اعلان پر ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں، آزاد کشمیر سے بھی پی ٹی آئی کارکنان وفاقی دارالحکومت کی جانب بڑھ رہے ہیں، اور اس دوران کچھ رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
فیکٹ پلس نے تحقیق کی اور جاننے کی کوشش کی کہ کیا واقعی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کشمیریوں کے حوالے سے کوئی بیان دیا تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے، محسن نقوی نے کشمیریوں کے حوالے سے ایسی کوئی گفتگو نہیں کی۔
دوسری جانب ترجمان وزارت داخلہ نے بھی وائرل خبر کو فیک نیوز قرار دے کر اسے من گھڑت قرار دے دیا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ سوشل میڈیا پر آزاد کشمیر کے شہریوں سے متعلق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے منسوب بیان یکسر من گھڑت اور گمراہ کن ہے۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے منسوب بیان صریحاً شر انگیزی اور صحافتی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق وزارت داخلہ نے شرانگیز بیان جاری کرنے والے سوشل میڈیا کے اکاؤنٹس کی نشاندہی کے لیے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کر دیے ہیں۔
نتائج:۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کشمیریوں کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔