سوشل میڈیا پر ایک دعویٰ گردش کررہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغانستان کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے بگرام ایئربیس امریکا کے حوالے نہ کیا تو جنگ جاری رہے گی۔

پاک فضائیہ کی جانب سے افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد اس طرح کے مختلف دعوے سوشل میڈیا پر گردش کررہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین ان دعوؤں کو بغیر تحقیق آگے شیئر کررہے ہیں، اور اس پر مختلف تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔
فیکٹ پلس کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغانستان کو ایسی کوئی دھمکی نہیں دی جس میں بگرام ایئر بیس امریکا کے حوالے کرنے کی بات کی گئی ہو۔
پاکستان کا افغانستان کے حوالے سے مؤقف واضح ہے کہ افغان حکومت دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرے، تاہم ایئر بیس کسی دوسرے ملک کو دینے یا دینے کے معاملے کا پاکستان سے تعلق نہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وزیر دفاع خواجہ آصف سے یہ دعویٰ منسوب کیا گیا تھا، جس کے حوالے سے بعد میں معلوم ہوا کہ یہ فیک ہے۔
پاکستان کی جانب سے افغانستان میں دہشتگرد گروپوں کے خلاف کارروائی کے بعد افغان اور انڈین سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، اور یہ دعویٰ بھی اسی منظم مہم کا حصہ ہے۔
نتائج:۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغانستان کو ایسی کوئی دھمکی نہیں دی کہ بگرام ایئر بیس امریکا کے حوالے نہ کرنے پر جنگ جاری رہے گی، یہ فیک نیوز ہے۔

