وزارت اطلاعات نے سعودی عرب کے ایک فوجی اڈے پر حوثی حملے کے نتیجے میں پاکستانی جنگی طیاروں کو نقصان پہنچنے کے دعوؤں کو جعلی قرار دے دیا ہے۔
وزارت کے مطابق سوشل میڈیا پر بھارتی پروپیگنڈا پھیلانے والے اکاؤنٹس جھوٹے دعوے شیئر کر رہے ہیں کہ سعودی عرب کے شاہ عبدالعزیز ایئربیس پر حوثی میزائل حملے میں پاک فضائیہ کے 3 جے ایف-17 طیارے متاثر ہوئے اور انہیں وہاں سے منتقل کرنا پڑا۔
وزارت نے اپنے حقائق کی جانچ کرنے والے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں ایسے ہی ایک اکاؤنٹ کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا، جس پر ’جعلی‘ کا نشان لگایا گیا ہے۔
𝐅𝐚𝐜𝐭 𝐂𝐡𝐞𝐜𝐤 | 𝐌𝐢𝐧𝐢𝐬𝐭𝐫𝐲 𝐨𝐟 𝐈𝐧𝐟𝐨𝐫𝐦𝐚𝐭𝐢𝐨𝐧 & 𝐁𝐫𝐨𝐚𝐝𝐜𝐚𝐬𝐭𝐢𝐧𝐠
◼️ Indian propaganda SMAs circulated false claims that Houthi missiles struck King Abdulaziz Air Base in Saudi Arabia, damaging three PAF JF-17 aircraft and prompting their evacuation.… pic.twitter.com/elPO4YGxYl
— Fact Checker MoIB (@FactCheckerMoIB) September 19, 2026
وزارت اطلاعات نے کہاکہ پاک فضائیہ کے جے ایف-17 طیاروں کو کسی بھی قسم کے نقصان کی اطلاع کسی معتبر یا سرکاری ذریعے نے نہیں دی۔
وزارت اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا، ’یہ مکمل طور پر جعلی ہے۔ کسی معتبر یا سرکاری ذریعے نے پاک فضائیہ کے جے ایف-17 طیاروں کو کسی بھی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں دی۔‘
وزارت نے مزید کہا کہ پاکستانی طیاروں کو نقصان پہنچنے اور انہیں مبینہ طور پر وہاں سے منتقل کیے جانے کی دانستہ جھوٹی خبر ’ہندو انتہا پسندانہ دھوکے اور گمراہ کن ذہنیت پر مبنی کھلے بھارتی پروپیگنڈے‘ کا حصہ ہے۔
پاکستانی افواج کو گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت اپریل میں سعودی عرب کے شہر ظہران میں واقع شاہ عبدالعزیز ایئربیس پر تعینات کیا گیا تھا۔ اس تعیناتی کا مقصد سعودی عرب کی سلامتی کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
سعودی وزارت دفاع نے اس وقت کہا تھا کہ پاکستانی فورس میں پاک فضائیہ کے جنگی اور معاون طیارے شامل ہیں، جن کا مقصد دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مشترکہ فوجی تعاون کو فروغ دینا اور آپریشنل تیاری کی سطح بہتر بنانا ہے۔
دوسری جانب، ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے وسیع تر تنازع میں تبدیل ہونے کے دوران حوثیوں نے حالیہ دنوں میں سعودی عرب پر حملے کیے ہیں۔
حوثیوں نے پیر کے روز سعودی عرب کے جنوبی علاقے خمیس مشیط میں واقع شاہ خالد ایئربیس کو نشانہ بنایا تھا۔ حملے میں ہینگرز، ریڈار تنصیبات، رن ویز اور گولہ بارود کے ذخائر متاثر ہوئے۔ حملوں کے بعد سعودی حکام نے خمیس مشیط اور جنوبی علاقے کے تین دیگر مقامات پر ہنگامی انتباہات جاری کیے تھے۔
تاہم اب تک شاہ عبدالعزیز ایئربیس پر کسی حملے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
نتائج:۔ سعودی عرب کے فوجی اڈے پر حوثیوں کے مبینہ حملے میں پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کو نقصان پہنچنے کی خبر فیک نیوز ہے۔

