حکومت کی جانب سے عوام کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن آف پاکستان محمد علی کے نام سے واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، بشمول فیس بک پر غیر مجاز اور جعلی پروفائلز کے ذریعے جعلسازی کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
نجکاری کمیشن کے ترجمان کے مطابق شرپسند عناصر محمد علی کی غیر مجاز تصاویر، نام اور رابطہ نمبرز استعمال کرکے شہریوں سے رقم یا حساس ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ترجمان نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ غیر مجاز رابطہ نمبرز یا جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے محمد علی کے نام پر موصول ہونے والے پیغامات، فون کالز یا پروفائلز پر ہرگز اعتماد نہ کریں۔
عوام سے کہا گیا ہے کہ ایسے غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو کسی صورت رقم نہ بھیجی جائے اور نہ ہی ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) پاس ورڈز، بینکنگ معلومات، بینک اکاؤنٹس سے متعلق اسناد یا ذاتی دستاویزات شیئر کی جائیں۔
نجکاری کمیشن کے ترجمان کے مطابق اگر کسی شہری سے کسی جعلی پروفائل کے ذریعے رابطہ کیا جائے تو فوری طور پر مذکورہ اکاؤنٹ کو بلاک اور متعلقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر رپورٹ کیا جائے اور اس کے ساتھ مزید کسی قسم کا رابطہ نہ رکھا جائے۔
ترجمان نے بتایا کہ معاملہ ضروری قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام اور سائبر کرائم اداروں کو رپورٹ کیا جا رہا ہے۔

