spot_img

فیکٹ چیک: ہری پور کی تحصیل غازی کو اٹک میں شامل کرنے کا دعویٰ جعلی نکلا

سوشل میڈیا پر خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور کی تحصیل غازی کو پنجاب کے ضلع اٹک میں شامل کیے جانے سے متعلق گردش کرنے والا نوٹیفکیشن جعلی اور گمراہ کن نکلا۔

سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفکیشن تیزی سے شیئر کیا جا رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہری پور کی تحصیل غازی کو پنجاب کے ضلع اٹک کا حصہ بنا دیا گیا ہے، تاہم یہ دعویٰ درست نہیں اور غازی بدستور ضلع ہری پور خیبر پختونخوا کا حصہ ہے۔

تحقیق کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا مذکورہ نوٹیفکیشن جعلی ہے، تاہم اس کی بنیاد پر بعض افراد نے بغیر تصدیق کے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور معاملے پر سیاسی ردعمل دیا۔

یہ معاملہ ایک بار پھر اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی کسی بھی سرکاری نوعیت کی دستاویز یا نوٹیفکیشن کو تصدیق کے بغیر درست تسلیم کرنا گمراہ کن ثابت ہوسکتا ہے۔

صوبائی حدود کی تبدیلی کا آئینی طریقہ

کسی صوبے کی جغرافیائی حدود میں تبدیلی کے لیے آئینی ترمیم کا طریقہ کار اختیار کرنا ضروری ہے۔ اس حوالے سے سابق فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام بھی ایک اہم مثال ہے، جو 25ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عمل میں آیا تھا۔

لہٰذا محض ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے خیبرپختونخوا کی تحصیل غازی کو پنجاب کے ضلع اٹک میں شامل کیے جانے کا دعویٰ آئینی طریقہ کار سے مطابقت نہیں رکھتا۔

فیکٹ چیک کا نتیجہ: ہری پور کی تحصیل غازی کو اٹک میں شامل کیے جانے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا دعویٰ جھوٹا اور جعلی نوٹیفکیشن پر مبنی ہے۔ غازی بدستور ضلع ہری پور خیبر پختونخوا کا حصہ ہے۔

Author

تازہ ترین