سوشل میڈیا پر ایک مبینہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ معروف کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی حمایت کردی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اس مبینہ ویڈیو کو بغیر تحقیق آگے شیئر کررہے ہیں اور اس پر مختلف تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔
’فیکٹ پلس‘ نے اس حوالے سے تصدیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ اس دعوے کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
فیکٹ چیک: معروف حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کے حوالے سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انہوں نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی حمایت کی ہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی بات کررہے ہیں، ان کی اپنی پارٹی کا نام ’عوامی ایکشن کمیٹی‘ ہے۔ pic.twitter.com/CBeNXaKNuX
— Ghulam Mustafa Hashmi (@Gm_journalist) June 29, 2026
تحقیق کے مطابق میر واعظ عمر فاروق کی سیاسی پارٹی کا نام عوامی ایکشن کمیٹی ہے، جس کے پلیٹ فارم سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کی آواز بلند کی جاتی ہے۔
میر واعظ عمر فاروق نے جو گفتگو کی ہے وہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق ہے، اس کا کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر سے کوئی تعلق نہیں۔
واضح رہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے اس طرح کی مختلف فیک خبریں سوشل میڈیا پر شیئر کی جارہی ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی سے متعلق بھی ایسے کچھ دعوے پھیلائے گئے تھے، تاہم آزاد کشمیر کے محکمہ اطلاعات نے انہیں فیک قرار دیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خبروں کے لیے مستند ذرائع پر ہی انحصار کریں۔
نتائج:۔ کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے حق میں کوئی بیان نہیں دیا۔

