spot_img

فیکٹ چیک: کیا اطالوی وزیراعظم نے شہباز شریف اور عمران خان کے حوالے سے کوئی گفتگو کی؟

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک دعوے میں کہا گیا کہ اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے یہ ریمارکس دیے کہ اگر وہ ایک دہائی قبل عہدہ سنبھال لیتے تو پاکستان ایک سپر پاور بن سکتا تھا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس ویڈیو میں اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے شہباز شریف کو قابل شخص قرار دیا اور کہاکہ اگر وہ پہلے وزیراعظم بنتے تو پاکستان سپر پاور بن سکتا تھا۔ ساتھ ہی یہ بھی کیا گیا کہ انہوں نے کہا ہے وہ عمران خان کو نہیں جانتیں۔

سوشل میڈیا صارفین بغیر تحقیق اس ویڈیو کو شیئر کررہے ہیں، اور مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقیقت جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ دعویٰ درست نہیں۔

اصل آڈیو اور ترجمے سے معلوم ہوتا ہے کہ اطالوی وزیر اعظم ایک صحافی کے سوال کا جواب دے رہی تھیں، جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پوپ لیو سے متعلق تھا۔ گفتگو میں پاکستان یا اس کی سیاسی قیادت کا کوئی حوالہ موجود نہیں تھا۔

اسی پریس گفتگو کے مختلف حصے بین الاقوامی میڈیا اداروں نے بھی رپورٹ کیے، جن میں اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ یہ بیان امریکی سیاست اور مذہبی معاملات سے متعلق تھا۔

تحقیق کے مطابق جارجیا میلونی سے منسوب پاکستانی سیاست سے متعلق یہ دعویٰ غلط اور گمراہ کن ہے، اور وائرل ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا گیا ہے۔

نتائج:۔ اطالوی وزیراعظم نے شہباز شریف اور عمران خان کے حوالے سے کوئی گفتگو نہیں کی۔

Author

تازہ ترین