spot_img

فیکٹ چیک: اسلام آباد میں زہریلا جوس پینے سے 3 اموات کی خبر، حقیقت کیا ہے؟

پچھلے ہفتے سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ بڑے پیمانے پر پھیلایا گیا کہ اسلام آباد میں زہریلا ڈبہ بند جوس پینے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ایکس پر ایک صارف نے لکھا کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد کے جی 6 علاقے میں مبینہ طور پر جوس پینے سے 3 اموات ہوئیں، ان افراد کی عمریں 34، 19 اور 22 سال تھیں۔

مزید یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ 2 مریضوں کو تشویشناک حالت میں سی ڈی اے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے، جبکہ جوس کے برانڈ کی شناخت بھی ممکن نہ ہو سکی۔ اسی نوعیت کے دعوے فیس بک، انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی وائرل ہوئے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ خبر فیک نیوز ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

اسلام آباد میں ڈبہ بند جوس سے اموات کے تمام دعوؤں کو محکمہ صحت اور متعلقہ اسپتالوں نے بھی مسترد کر دیا ہے۔

کیپیٹل اسپتال اسلام آباد (سی ڈی اے) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر نعیم تاج کے مطابق میڈیکل ریکارڈ اور متعلقہ ڈیٹا کے جائزے سے یہ ثابت نہیں ہوا کہ ان مبینہ اموات کا تعلق کسی مشکوک جوس سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض مریض پہلے سے طبی مسائل جیسے سینے میں درد اور قے کا شکار تھے، جبکہ کسی کیس میں زہریلے جوس کے استعمال کا ثبوت موجود نہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس (ڈی ایچ او) اسلام آباد کے اہلکار کے مطابق شہر کے کسی بھی سرکاری اسپتال میں ایسی کسی موت کا ریکارڈ موجود نہیں۔

اسی طرح پمز اسپتال اور فیڈرل جنرل اسپتال کے حکام نے بھی ان دعووں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اپنے آفیشل بیان میں واضح کیا ہے کہ اسپتال ریکارڈ کے مطابق ان اموات کا غیر معیاری جوس سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا۔

اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے متعلقہ علاقوں کا معائنہ بھی کیا مگر کہیں سے مضر صحت جوس کے شواہد نہیں ملے۔

نتائج:۔ اسلام آباد میں ڈبہ بند جوس پینے سے اموات کا دعویٰ غلط ہے۔

Author

تازہ ترین