spot_img

فیکٹ چیک: کیا پی ٹی آئی کے حامی نے عمران خان کو اپنی فیملی پیش کرنے کی پیشکش کی؟

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو، جس میں مبینہ طور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک حامی کو رپورٹر سے گفتگو کرتے دکھایا گیا ہے، جعلی ثابت ہوئی ہے۔

ویڈیو میں اس شخص کو سابق وزیراعظم عمران خان سے عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ وہ عمران خان کی خاطر اپنی بیوی اور بیٹیوں کو قربان کرنے کے لیے تیار ہے۔

یہ کلپ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بحث کا باعث بنا، جہاں متعدد صارفین نے پی ٹی آئی پر اندھی تقلید کے الزامات عائد کیے، تاہم فیکٹ پلس کی تحقیق میں یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا ہے۔

21 جنوری کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے 13 سیکنڈ کی ویڈیو شیئر کی، جس میں بظاہر ایک شخص کو اپنی 2 کم عمر بیٹیوں کے ہمراہ پی ٹی آئی کے جلسے میں موجود دکھایا گیا۔ ویڈیو کے ساتھ دیا گیا کیپشن تضحیک آمیز تھا، جس میں سیاسی وابستگی پر سخت تنقید کی گئی۔

وائرل ویڈیو میں ایک رپورٹر اس شخص سے عمران خان کے لیے وفاداری کی حد کے بارے میں سوال کرتا ہے، جس کے جواب میں وہ متنازع بیان دیتا ہے۔

تاہم آزادانہ تصدیق اور مختلف آرٹیفیشل انٹیلیجنس شناختی ٹولز کے تجزیے سے واضح ہوا ہے کہ یہ انٹرویو حقیقی نہیں بلکہ من گھڑت ہے۔

فیکٹ پلس نے ویڈیو کا تفصیلی جائزہ لیا، جس کے دوران اے آئی سے چھیڑ چھاڑ کی متعدد نشانیاں سامنے آئیں۔

دستیاب شواہد اور تکنیکی تجزیے اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ ویڈیو اصلی نہیں بلکہ اے آئی کے ذریعے تیار کی گئی جو ایک جعلی ویڈیو ہے۔

Author

تازہ ترین