پنجاب میں ای چالان کا نظام متعارف ہونے کے بعد شہریوں کو مختلف طریقوں سے لوٹنے والے عناصر بھی سامنے آگئے۔
شہریوں کے ساتھ دھوکہ کرنے والے عناصر حکومتی اہلکار بن کر لوگوں کو موبائل پر پیغام بھیجتے ہیں اور رقم اپنے پاس منگوا لی جاتی ہے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (پی ایس سی اے) نے پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تعاون سے 100 سے زیادہ جعلی ویب سائٹس بند کردی ہیں جو شہریوں کو ای چالان کے نام پر لوٹنے میں ملوث تھیں۔
سیف سٹی کے ترجمان کے مطابق یہ جعلی ویب سائٹس آن لائن ادائیگی کے ذریعے غیر قانونی طور پر شہریوں سے رقم وصول کررہی تھیں۔
ترجمان نے شہریوں کو خبردار کیاکہ وہ کسی بھی مشکوک یا غیر مصدقہ ویب سائٹ پر ای چالان کی ادائیگی نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہاکہ ای چالان کی تصدیق کے لیے صرف سیف سٹی کی آفیشل ویب سائٹ echallan.psca.gop.pk یا پبلک سیفٹی ایپ استعمال کی جائے۔
حکومت نے شہریوں کو انتباہ جاری کیا ہے کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں کسی کے ساتھ بھی اپنی ذاتی معلومات شیئر نہ کریں، جبکہ کسی بھی قسم کی ادائیگی کے لیے صرف حکومت کی تصدیق شدہ ویب سائٹس پر ہی انحصار کیا جائے۔

