سوشل میڈیا پر ایک دعویٰ گردش کررہا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پختون شہریوں کے لیے نئی اور سخت ہدایات جاری کی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین اس دعوے پر مختلف تبصرے کررہے ہیں، اور کچھ عناصر اس کی بنیاد پر مختلف قومیتوں کے درمیان نفرتوں کو پروان چڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ نادرا کے کسی بھی دفتر میں ایسا کوئی نوٹس آویزاں نہیں کیا گیا، نہ ہی ایسی کوئی ہدایات جاری کی گئی ہیں، یہ دعویٰ من گھڑت ہے۔
مبینہ نوٹس ایک سادہ کاغذ پر لکھا ہوا نظر آ رہا ہے، اور کسی مجاز اتھارٹی کے دستخط یا مہر بھی ثبت نہیں، جو اس کے جعلی ہونے کا ثبوت ہے۔
Racial profiling of Pakhtun in #Sargodha pic.twitter.com/F8MueMGGr3
— Wali Suliman Khel (@walikhan934) December 13, 2025
دوسری جانب نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے لسانی بنیادوں پر امتیازی نوٹس کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں کو سراسر جھوٹ اور گمراہ کن پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے سختی سے تردید کر دی ہے۔
نادرا کے ترجمان کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ پاکستان دشمنی میں مبتلا بعض سیاسی عناصر نے ایک بار پھر من گھڑت مہم شروع کی ہے، جس کا مقصد ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانا اور عوام کو گمراہ کرنا ہے۔
نادرا کی وضاحت
نادرا مبینہ امتیازی نوٹس سے متعلق اس ٹویٹ کو جعلی خبر کے طور پر قطعی مسترد کرتا ہے۔ پاکستان بھر میں نادرا کے کسی بھی دفتر میں اس نوعیت کا کوئی نوٹس آویزاں نہیں کیا گیا۔
نادرا اپنے قومی مینڈیٹ کے تحت تمام شہریوں کو بلا کسی امتیاز خدمات فراہم کرتا ہے۔
— NADRA (@NadraPak) December 13, 2025
نادرا نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مذکورہ ٹویٹ جعلی ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ملک بھر میں نادرا کے کسی بھی دفتر میں اس نوعیت کا کوئی نوٹس آویزاں نہیں کیا گیا۔ ادارہ اپنے آئینی اور قومی مینڈیٹ کے مطابق تمام شہریوں کو بلا تفریق اور مساوی بنیادوں پر خدمات فراہم کر رہا ہے۔
نادرا نے اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ ٹوئٹ کے ذریعے دانستہ طور پر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا تاکہ ملک میں بے چینی اور انتشار پیدا کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ مخصوص عناصر سوشل میڈیا کا سہارا لے کر جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلا رہے ہیں، جن کا مقصد عوام میں بداعتمادی اور افراتفری کو فروغ دینا ہے۔
ترجمان نے مزید کہاکہ ملک دشمن عناصر جھوٹ، فریب اور غلط معلومات کے ذریعے پاکستان میں بدامنی کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم نادرا عوام کو یقین دلاتا ہے کہ ادارہ شفافیت، غیرجانبداری اور مساوی سروس فراہمی کے اصولوں پر مکمل طور پر کاربند ہے۔
نتائج:۔ نادرا دفاتر میں پختون شہریوں کے لیے کوئی نئی ہدایات جاری نہیں کی گئیں، وائرل نوٹس جعلی ہے۔

