پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی غیر ذمہ دارانہ معلومات کا نشانہ بن گئے۔ جس کے بعد خود انہیں وضاحت کرنا پڑی کہ وہ زندہ ہیں۔
جلدی خبر دینے کی دوڑ میں سوشل میڈیا صارفین نے حیدرآباد کے سینیئر کرکٹر معین خان راجپوت کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے غلطی سے 1992 کے ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کے رکن معین خان کی تصویر استعمال کردی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان انتقال کرگئے
Is this true ? pic.twitter.com/r9Z8KMbBYl— Khan (@Khan5434843003) December 2, 2025
حیدرآباد کے 65 سالہ معین خان راجپوت، جو محبوب اسپورٹس کرکٹ کلب کی قیادت کررہے تھے، انتقال کر گئے، جبکہ سابق ٹیسٹ کپتان معین خان خیریت سے ہیں۔
اس غلط خبر نے دنیا بھر میں معین خان کے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔
بعد ازاں اپنے ویڈیو پیغام میں سابق وکٹ کیپر بیٹر معین خان نے کہا کہ بغیر تصدیق کے خبر چلانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، جس سے انہیں غیر معمولی ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
حیدر آباد کے کسی مقامی کرکٹر کا انتقال ہوا ہے نام کی معین خان سے مماثلت ہے
معین خان کا بیان سامنے آ گیا۔۔
بغیر تصدیق خبر آگے مت بڑھائیں ۔۔ pic.twitter.com/Sn5o3kV6m4— A.K Mohsin (@ak_mohsin) December 2, 2025
انہوں نے بتایا کہ اس غلط اطلاع کے بعد انہیں درجنوں فون کالز اور سینکڑوں پیغامات موصول ہوئے۔
پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے وابستہ معین خان نے کہا کہ کسی بھی خبر کی اشاعت سے پہلے اس کی تصدیق کرنا ضروری ہے، ورنہ اس کے نتیجے میں متعلقہ لوگ شدید تکلیف اٹھاتے ہیں۔
انہوں نے اپنے ہم نام مرحوم کرکٹر معین خان راجپوت کے انتقال پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

