کچھ روز سے میڈیا پر یہ دعویٰ گردش کررہا ہے کہ معروف ٹرانس جینڈر ڈانسر اور ٹک ٹاک شخصیت مہک ملک نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی فیصل آباد فرنچائز خرید لی ہے اور وہ لیگ کی پہلی ٹرانس جینڈر مالک بن گئی ہیں۔
کئی صارفین اس خبر کو ایک بڑی سماجی تبدیلی کے طور پر پیش کر رہے ہیں اور آن لائن پوسٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مہک ملک اپنی شہرت اور نوجوانوں میں مقبولیت کو فرنچائز میں لانا چاہتی ہیں۔
خواجہ سرا ڈانسر اور ٹک ٹاک اسٹار مہک ملک نے پی ایس ایل کی فرنچائز کی نئی ٹیم خرید لی ، انہوں نے ٹیم فیصل آباد کے ملکیتی حقوق خرید لیے ہیں ۔ یہ تاریخی لمحہ ہے کیونکہ پہلی بار کوئی خواجہ سرا پی ایس ایل کی ٹیم کی مالک بن گئی ہیں ۔ مہک ملک نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا pic.twitter.com/AjhPBsNGB8
— Sayth Sadia Sumbal Ansari (@SadiaAn23996396) November 26, 2025
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو تاحال کسی بھی آفیشل ذریعہ سے اس خبر کی تصدیق نہیں ہو سکی، دوسری جانب پاکستان سپر لیگ یا پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مہک ملک کے کسی فرنچائز خریدنے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل 11 میں 2 نئی ٹیمیں شامل ہوں گی، جس سے 2026 کے سیزن میں ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھ کر 8 ہوجائے گی۔ نئی فرنچائزز کی نیلامی 6 جنوری 2026 کو شیڈول ہے اور کامیاب بولی دہندگان کو 6 شہروں کی شارٹ لسٹ میں سے ٹیم اور شہر کا انتخاب کرنا ہوگا، جن میں فیصل آباد، راولپنڈی، حیدر آباد، سیالکوٹ، مظفر آباد اور گلگت شامل ہیں۔ اس وقت تک نئی ٹیموں کے نام یا مالکان کا تعین نہیں ہوا۔
فیکٹ چیک کے نتیجے میں یہ واضح ہوا کہ مہک ملک کے پی ایس ایل ٹیم کی مالک بننے کا دعویٰ غیر مصدقہ ہے۔
پی سی بی یا پی ایس ایل انتظامیہ نے اس حوالے سے کوئی آفیشل بیان جاری نہیں کیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام پوسٹس کو افواہیں قرار دیا جا سکتا ہے جب تک ادارہ جاتی سطح پر کوئی تصدیق نہ ہو۔

