spot_img

فیکٹ چیک: کیا کراچی ایئرپورٹ سے اب دوسرے صوبوں کے شہری بیرون ملک سفر نہیں کر سکیں گے؟

سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اب سندھ کے علاوہ دوسرے صوبوں کے شہری کراچی ایئرپورٹ سے بیرون ملک سفر نہیں کر سکیں گے۔

سوشل میڈیا صارفین اس دعوے کو بغیر تحقیق شیئر کررہے ہیں، اور مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقیقت جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔

دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ کراچی ایئرپورٹ سے دوسرے صوبوں کے مسافروں کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے وضاحت کی کہ اس نوعیت کی کوئی روک ٹوک عائد نہیں کی گئی اور ایسی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

ترجمان کے مطابق امیگریشن کی جانچ پڑتال صرف چند مخصوص صورتحال میں بڑھائی گئی ہے تاکہ شہریوں کو اُن عناصر سے محفوظ رکھا جا سکے جو انہیں غیر قانونی طریقوں، خصوصاً سمندری راستوں کے ذریعے بیرونِ ملک لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔

’اس سلسلے میں پہلی مرتبہ سفر کرنے والے افراد، بالخصوص وہ جو سندھ کے رہائشی نہیں، اضافی دستاویزی جانچ سے گزرتے ہیں۔‘

حکام کا کہنا ہے کہ اگر کوئی مسافر اپنے صوبے کے قریبی ایئرپورٹ کے بجائے کراچی سے سفر کرنا چاہے تو اس سے وجہ دریافت کی جاتی ہے۔

’اسی سخت نگرانی کے دوران ایک حالیہ پرواز سے امیگریشن عملے نے 57 افراد کو آف لوڈ کیا، جن میں 35 عمرہ زائرین اور 22 وہ مسافر شامل تھے جن کے پاس روزگار ویزے تھے۔ ان کے پاسپورٹس پر امیگریشن اسٹیمپ بھی موجود نہیں تھا۔‘

ایف آئی اے کے مطابق ایسے مسافروں کو کوئی مسئلہ پیش نہیں آتا جو درکار دستاویزات مکمل فراہم کرتے ہیں اور اطمینان بخش وضاحت دیتے ہیں۔ نئے ضوابط کے تحت پنجاب سے تعلق رکھنے والے وہ شہری جو پہلی مرتبہ بیرون ملک روانہ ہو رہے ہوں، ان کے لیے ترجیحی طور پر اپنے قریبی ہوائی اڈے سے سفر کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

نتائج:۔ کراچی ایئرپورٹ سے دوسرے صوبوں کے شہریوں پر بیرون ملک سفر کے لیے کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی، یہ فیک نیوز ہے۔

Author

تازہ ترین