spot_img

فیکٹ چیک: کیا پاکستانی پاسپورٹ سے اسرائیل سے متعلق مخصوص عبارت ہٹا دی گئی؟

سوشل میڈیا پر ایک دعویٰ گردش کررہا ہے کہ حکومت پاکستان نے پاسپورٹ کا ڈیزائن تبدیل کرنے کی آڑ میں اسرائیل سے متعلق مخصوص عبارت ختم کردی ہے۔

بھارتی میڈیا پر بھی ان دعوؤں کی بنیاد پر پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، اور سوشل میڈیا صارفین ایسی خبروں کو بغیر تحقیق شیئر کرتے ہوئے مختلف تبصرے کررہے ہیں، اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقیقت جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ اس حوالے سے تمام خبریں ’فیک نیوز‘ ہیں، پاسپورٹ کے سیکیورٹی فیچرز سمیت کچھ ضروری تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

فیکٹ پلس کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے نئے ڈیزائن والے پاسپورٹ پر اسرائیل سے متعلق مخصوص عبارت اب بھی موجود ہے۔

دوسری جانب وزارت اطلاعات نے ایک بھارتی نیوز چینل کے ان غیر تصدیق شدہ دعوؤں کی تردید کی ہے کہ پاکستان نے اپنے پاسپورٹ سے یہ شق ہٹا دی ہے کہ یہ اسرائیل کے لیے کارآمد نہیں۔

وزارت اطلاعات نے ایک بیان میں وزارتِ خارجہ کے ایک پریس ریلیز کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف بدستور قائم ہے، اسلام آباد اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا، اور کسی بھی قسم کا فوجی تعاون یا تعلقات موجود نہیں ہیں اور نہ ہی زیرِ بحث ہیں۔

اس کے علاوہ وزارت نے واضح کیاکہ پاسپورٹ کی شق برقرار ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ اس پر اب بھی ’سوائے اسرائیل کے تمام ممالک کے لیے کارآمد‘ درج ہے۔

نتائج:۔ حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے نئے پاسپورٹ پر ’یہ اسرائیل کے علاوہ تمام ممالک کے لیے کارآمد ہے‘ درج ہے، بھارتی میڈیا پر ہونے والا پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا کی خبریں من گھڑت ہیں۔

Author

تازہ ترین