سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سینیئر صحافی انصار عباسی نے حکومت پاکستان کو تجویز دی ہے کہ اب ہمیں اسرائیل کو تسلیم کر لینا چاہیے۔
سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر ایک صارف نے انصار عباسی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھا کہ ن لیگی صحافی نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تجویز دی ہے۔
میرے خیال میں شہبازشریف کی حکومت نے جو کچھ بھی لبیک کے بلوائیوں ساتھ کیا یے ٹھیک کیا ہے۔ ریاست کو ایسے ہی اپنی رٹ قائم کرنی چاہیے۔
اب وقت آگیا ہے ہم اسرائیل کو تسلیم کریں اور سعودی عرب سے معاوضہ پندرہ بیس ارب ڈالرز وصول کریں۔
سئینر ن لیگی صحافی انصار عباسی کا بیان pic.twitter.com/292gTcLoMG
— Jimmy Virk – Imranian 🇵🇰 (@JimmyVirkk) October 13, 2025
شیئر کی گئی ویڈیو کو ’میوٹ‘ کیا گیا ہے، تاہم کیپشن میں یہ تاثر دیا گیا ہے کہ انصار عباسی اسرائیل کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ ایسی تمام خبریں فیک ہیں، انصار عباسی نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی تجویز نہیں دی۔
دوسری جانب انصار عباسی نے بھی حال ہی میں اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ میرے نام سے منسوب کرکے جھوٹی خبریں شیئر کی جارہی ہیں، ایسے لوگوں کا معاملہ میں اللہ پر چھوڑتا ہوں۔
واضح رہے کہ انصار عباسی کا شمار پاکستان کے سینیئر صحافیوں میں ہوتا ہے، جو تحقیقی صحافت کرتے ہیں، اور کبھی بھی بغیر تصدیق کوئی بات نہیں کرتے۔
فیکٹ پلس کی تحقیق کے مطابق جب کسی معتبر صحافی کا تجزیہ کسی سیاسی جماعت کے خلاف جاتا ہو تو اس کے کارکن پھر ایسے شخص کی ٹرولنگ شروع کردیتے ہیں، اور انصار عباسی کے ساتھ ایسا ہی ہورہا ہے۔
نتائج:۔ انصار عباسی نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی تجویز نہیں دی، یہ فیک نیوز ہے۔

