spot_img

فیکٹ چیک: کیا پنجاب میں کورٹ میرج پر پابندی عائد کردی گئی؟

سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے، جس می دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پنجاب کے ضلع راولپنڈی میں کورٹ میرج کی رجسٹریشن پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ کچھ صارفین پورے پنجاب میں اس پابندی کا دعویٰ کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین اس خبر کو بغیر تحقیق شیئر کررہے ہیں، اور ساتھ یہ تبصرہ بھی کیا جارہا ہے کہ اب لڑکا لڑکی والدین کی مرضی کے بغیر شادی نہیں کر سکیں گے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے، حکومت یا کسی ادارے نے ایسی کوئی پابندی عائد نہیں کی۔

فیکٹ پلس کی تحقیق کے مطابق حکومت پنجاب نے یہ ہدایت کی ہے کہ شادی کی رجسٹریشن اب اسی یونین کونسل کے دائرہ اختیار میں کی جائے جہاں نکاح ہوا ہو، کسی دوسری یونین کونسل میں نہیں۔

فیکٹ پلس کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پنجاب حکومت کے اس فیصلے کی غلط تشریح کی جارہی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ شازیہ ممتاز نے میڈیا کو بتایا کہ 6 اکتوبر کو ایک محکمانہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، جسے عوام نے غلط طور پر پابندی سمجھ لیا، ایسی کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔

پنجاب لوکل گورنمنٹ کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن فاروق احمد کھارا نے بھی میڈیا کو بتایا کہ راولپنڈی میں کورٹ میرج پر کوئی پابندی نہیں، اور نوٹیفکیشن کا مقصد صرف غیر متعلقہ حدود میں شادی کی رجسٹریشن کو روکنا تھا۔

نتائج:۔ صوبہ پنجاب میں کورٹ میرج پر پابندی کی خبر درست نہیں۔ اس حوالے سے وائرل خبر فیک نیوز ہے۔

Author

تازہ ترین