حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک مبینہ آڈیو کلپ وائرل ہوا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کو مبینہ طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آزاد کشمیر سے آنے والے شہریوں کی سخت چیکنگ کرے اور ان کے خلاف ممکنہ کارروائی بھی کی جائے۔
یہ آڈیو کلپ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے تحت مظاہرے کیے گئے، جن میں پولیس اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
کشمیریوں سے متعلق نفرت سے بھرپور اسلام آباد پولیس کی مبینہ لیکڈ آڈیو عمران ریاض خان نے سنوا دی
“جو بھی کشمیری تھانوں میں آتا ہے، کتے کی طرح ذلیل کریں، ناکے لگائیں، جہاں ناکوں پر گاڑیاں رکتی ہیں وہاں اتار کر انکو تھپڑ ماریں، شناختی کارڈ نہیں ہے تو تھانے میں بند کریں، پرچہ دیں، جو… pic.twitter.com/avGFWZzszT
— Obaid Bhatti (@Obibhatti) October 3, 2025
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا یہ آڈیو کلپ جعلی ہے، اسلام آباد پولیس کی جانب سے ایسی کوئی ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے فوری طور پر اس آڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے اسے جھوٹ اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جھوٹی آڈیو کا معاملہ۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک آڈیو میں جھوٹا دعویٰ کیا گیا ہے کہ AJK کے افراد کو راولپنڈی اسلام آباد کی باؤنڈری پر خاص طور پر چیک کیا جا رہا ہے۔ یہ خبر سراسر غلط ہے اور جھوٹی ہے۔
اسلام آباد پولیس کو ایسی کوئی ہدایات جاری…
— Islamabad Police (@ICT_Police) October 5, 2025
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے کسی بھی مخصوص برادری یا علاقے کے لوگوں کے خلاف کوئی خصوصی ہدایات جاری نہیں کیں۔ تمام شہریوں کے لیے معمول کے مطابق سیکیورٹی چیکنگ کی جاتی ہے، جو کہ سیکیورٹی پالیسی کا حصہ ہے۔
پولیس نے مزید واضح کیا کہ کسی مخصوص علاقے، قومیت یا برادری کو نشانہ بنانا نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ اسلام آباد پولیس کی پالیسی کے بھی خلاف ہے۔
پولیس ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات اور آڈیو کلپس پر یقین نہ کریں۔ اگر کسی کو کسی بھی قسم کی شکایت یا شبہ ہو تو وہ فوری طور پر پکار 15 پر رابطہ کریں۔
نتائج:۔ اسلام آباد پولیس نے اہلکاروں کو ایسی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں کہ آزاد کشمیر سے آنے والوں کی سخت چیکنگ کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے، وائرل آڈیو کلپ جعلی ہے۔

