قومی میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کو پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین اس خبر کو بغیر تحقیق شیئر کررہے ہیں، اور مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کو پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا۔
گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم کی رہائش گاہ لاہور میں پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر محمد طارق… pic.twitter.com/sUfx4voQt9— Abdur Rouf Khan (@AbdurRoufKhan6) September 20, 2025
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔ چوہدری شجاعت حسین کو پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کا چیئرمین منتخب نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے بھی اس پر اپنی وضاحت جاری کی ہے۔
ترجمان مصطفیٰ ملک نے کہاکہ چوہدری شجاعت حسین پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے چئیرمین نہیں بنے۔ ان کا سیاسی مقام اور مرتبہ بہت بلند ہے۔
انہوں نے کہاکہ چوہدری شجاعت حسین کو ایسے عہدوں کی ضرورت نہیں۔ ان سے آج باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر طارق حسن نے ملاقات کی، جو پارٹی کے سیکریٹری جنرل بھی ہیں۔
ترجمان کے مطابق چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات میں وفد نے اپنے مسائل اور کامیابیوں سے آگاہ کیا۔
ترجمان نے کہاکہ چوہدری شجاعت حسین پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر رہ چکے ہیں، اب ان کے صاحبزادے چوہدری شافع حسین فیڈریشن کے صدر ہیں۔
انہوں نے کہاکہ چوہدری شافع حسین کی سربراہی میں پاکستان نے ورلڈ کپ میں بھارت کو تاریخی شکست دی تھی۔ چوہدری شجاعت حسین اور ان کا خاندان کھیلوں کے فروغ میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کرتا رہا ہے۔

