spot_img

فیکٹ چیک: کیا بچیوں کو ’ایچ پی وی‘ ویکسین نہ لگوانے والے خاندانوں کو بی آئی ایس پی کی امداد نہیں ملے گی؟

سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے خاندانوں میں سے کسی نے اگر اپنی بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگوانے سے انکار کیا تو ان کی امدادی رقم روک لی جائےگی۔

سوشل میڈیا صارفین اس خبر کو بغیر تحقیق شیئر کررہے ہیں، اور اس پر مختلف تبصرے بھی کیے جارہے ہیں، جبکہ بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والی خواتین کو اس خبر کے سامنے آنے پر پریشانی لاحق ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن مہم کا آغاز 15 ستمبر سے ہو چکا ہے، تاہم اس ویکسین کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف غلط فہمیاں پھیلائی جارہی ہیں۔

ان غلط فہمیوں کے توڑ کے لیے آج وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے اپنی موجودگی میں اپنی بیٹی کو ایچ پی وی ویکسین لگوائی اور لوگوں کو یقین دلایا کہ یہ ویکسین محفوظ ہے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ بی آئی ایس پی نے ایسی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں، یہ فیک نیوز ہے۔

دوسری جانب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل جعلی نوٹس کے حوالے سے عوام کو خبردار کر دیا۔

بی آئی ایس پی نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ ایک جعلی نوٹس کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کر رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایچ پی وی ویکسین نہ لگوانے والوں کو ادائیگیاں روک دی جائیں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ نوٹس بالکل جعلی ہے، بی آئی ایس پی کا ایچ پی وی ویکسین سے کوئی تعلق نہیں اور کسی مستحق کی ادائیگی نہیں روکی جا رہی۔ عوام سے گزارش کی گئی کہ وہ اس جعلی نوٹس کو نظر انداز کر دیں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ سے گریز کریں۔

نتائج:۔ اس خبر میں کوئی حقیقت نہیں کہ بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین نہ لگوانے والے خاندانوں کی امداد روک دی جائےگی، یہ فیک نیوز ہے۔

Author

تازہ ترین