spot_img

فیکٹ چیک: کیا بیرسٹر علی ظفر نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ کر تحریک لبیک میں شمولیت اختیار کرلی؟

سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما بیرسٹر علی ظفر نے پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین بغیر تحقیق اس خبر کو شیئر کررہے ہیں، جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر کو خوش آمدید بھی کہہ رہے ہیں۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ بیرسٹر علی ظفر کی تحریک لبیک پاکستان میں شمولیت کی خبریں من گھڑت ہیں۔

فیکٹ پلس کے مطابق کچھ روز قبل لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر جن کا نام علی ظفر ہے انہوں نے تحریک لبیک پاکستان کے ٹریڈرز ونگ میں شمولیت اختیار کی ہے۔

فیکٹ پلس کے مطابق سوشل میڈیا صارفین علی ظفر نامی تاجر کی شمولیت کو بیرسٹر علی ظفر کے ساتھ جوڑ رہے ہیں، جو فیک نیوز ہے۔ بیرسٹر علی ظفر بدستور پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہیں۔

دوسری طرف تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے اس حوالے وضاحت کی گئی ہے کہ بیرسٹر علی ظفر تحریک لبیک پاکستان کا حصہ نہیں بنے، شمولیت اختیار کرنے والے شخص کا نام بھی علی ظفر ہے اور وہ ایک تاجر ہیں۔

نتائج:۔ بیرسٹر علی ظفر کی تحریک لبیک پاکستان میں شمولیت کی خبریں من گھڑت ہیں۔

Author

تازہ ترین