spot_img

فیکٹ چیک: بلاول بھٹو کا ’ہمارے لوگ بھارتی پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں‘ والا بیان جعلی نکلا

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا ایک ویڈیو کلپ جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سابق وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ’ہمارے لوگ بھارت کی پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں‘، مکمل طور پر جعلی اور گمراہ کن ثابت ہوا ہے۔

یہ ویڈیو فیس بک، ایکس، انسٹاگرام اور یوٹیوب سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں بلاول بھٹو کو اردو زبان میں مبینہ طور پر یہ الفاظ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’ہمارے لوگ بھارت کی پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں۔‘

اس ویڈیو کو بنیاد بنا کر متعدد اکاؤنٹس کی جانب سے بلاول بھٹو پر سخت تنقید کی جا رہی ہے اور اسے ملک دشمنی کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت کی لوک سبھا میں آپریشن سندور کے حوالے سے بحث کے دوران اپوزیشن نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا ہے، جس کے بعد بی جے پی سرکار حواس باختہ ہو چکی ہے۔

فیکٹ پلس کی ٹیم نے بلاول بھٹو سے منسوب اس بیان کے حوالے سے تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو ایڈیٹ کی گئی ہے اور اصل تقریر میں ایسی کوئی بات نہیں کہی گئی۔

تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ کلپ بلاول بھٹو زرداری کی جون 2024 میں کی گئی ایک تقریر سے لیا گیا ہے، جو کہ پیپلز پارٹی کی میٹنگ یا پریس کانفرنس کا حصہ تھی۔ اصل ویڈیو میں بلاول بھٹو یہ کہہ رہے ہیں کہ ہمارے لوگ پارلیمان میں بیٹھے ہیں اور ہمیں عوام کی نمائندگی کرنی ہے۔

یہ بات وہ پاکستان کے عام انتخابات کے بعد پارلیمنٹ میں منتخب ہونے والے اپنے پارٹی ممبران کے حوالے سے کر رہے تھے، مگر ایڈیٹ شدہ ویڈیو میں پارلیمان کے ساتھ بھارتی کا لفظ شامل کر کے بات کو مکمل طور پر سیاق و سباق سے ہٹا کر توڑ مروڑ دیا گیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی جانب سے اس ویڈیو کو گھٹیا پروپیگنڈا قرار دیا گیا ہے۔ پارٹی ترجمان نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نے کبھی ایسی بات نہیں کہی۔ یہ جعلی کلپ سوشل میڈیا پر ہماری جماعت کو بدنام کرنے اور عوام کو گمراہ کرنے کے لیے پھیلایا جا رہا ہے۔ ہم قانونی چارہ جوئی پر بھی غور کررہے ہیں۔

نتائج:۔ بلاول بھٹو زرداری کا ’ہمارے لوگ بھارتی پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں‘ والا بیان من گھڑت، ایڈیٹ شدہ اور حقائق کے برعکس ہے۔

Author

تازہ ترین