spot_img

فیکٹ چیک: بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے افراد ہوشیار باش

سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفکیشن گردش کررہا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد اپنے کوائف اپ ڈیٹ کروائیں۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک فارم بھی گردش کررہا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اپنے شناختی کارڈ اور بجلی بل کی نقل کے ساتھ دیگر دستاویزات بھی سروے ٹیم کو فراہم کی جائیں۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔ اور لوگوں کے ساتھ آن لائن فراڈ کرنے والا گروہ ایسے ہتھکنڈے اپنا رہا ہے۔

دوسری جانب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے تمام مستفید افراد (بینفیشریز) کو خبردار کیا ہے کہ پروگرام میں رجسٹریشن یا ایڈریس کی تبدیلی کے لیے نہ تو کوئی فارم جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی اس عمل کے لیے کوئی فیس مقرر کی گئی ہے۔

بی آئی ایس پی کی جانب سے جاری کردہ وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی بھی فرنچائز یا ریٹیلر شاپ پر عوام کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کوئی فارم فراہم کیا جائے، تو یاد رکھیں کہ وہ فارم جعلی ہے۔ بیان میں زور دیا گیا ہے کہ عوام ایسی کسی بھی دستاویز پر ہرگز بھروسہ نہ کریں۔

بیان کے مطابق بی آئی ایس پی کی رجسٹریشن یا ڈیٹا اپڈیٹ کا عمل صرف مخصوص سرکاری مراکز اور نادرا کے ذریعے ہوتا ہے، اور اس کے لیے کوئی مالی چارجز نہیں لیے جاتے۔ کسی بھی غیر سرکاری ذرائع سے رجوع کرنا عوام کے لیے دھوکہ دہی کا باعث بن سکتا ہے۔

بی آئی ایس پی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے کسی بھی فراڈ یا جعلی فارم کی اطلاع فوری طور پر بی آئی ایس پی کی ہیلپ لائن 0800-26477 پر دیں یا قریبی سرکاری دفتر سے رجوع کریں۔

ادارے کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی جو عوام کو جعلی فارم دے کر یا فیس کے نام پر گمراہ کررہے ہیں۔

Author

تازہ ترین