spot_img

فیکٹ چیک: سوشل میڈیا پر ایک ہزار روپے کے نئے کرنسی نوٹ کی تصویر وائرل، حقیقت کیا ہے؟

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان دنوں ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں 1000 روپے کے نئے کرنسی نوٹ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری شدہ نوٹ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ گویا یہ نیا نوٹ باضابطہ طور پر ملک میں گردش کے لیے متعارف کروا دیا گیا ہے۔

ویڈیو اور تصاویر میں دکھایا جانے والا کرنسی نوٹ اس انداز میں پیش کیا گیا ہے گویا یہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ نئی کرنسی کا حصہ ہو، جس پر عوام میں الجھن اور تشویش پائی جا رہی ہے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ جعلی کرنسی نوٹ ہے، اسٹیٹ بینک نے کوئی نیا کرنسی نوٹ جاری نہیں کیا۔

میڈیا کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے رابطہ کرنے پر بینک کے ترجمان نے واضح الفاظ میں ایسی تمام خبروں کی تردید کی۔ ترجمان نے کہاکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا کرنسی نوٹ جعلی ہے اور اسٹیٹ بینک نے ایسا کوئی نوٹ جاری نہیں کیا۔

ترجمان کے مطابق اگر اسٹیٹ بینک کوئی نیا کرنسی نوٹ جاری کرتا ہے تو اس کا باقاعدہ اعلان کیا جاتا ہے، سرکاری ویب سائٹ اور آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مکمل معلومات فراہم کی جاتی ہیں، اور میڈیا کے ذریعے عوام کو تفصیل سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ لہٰذا عوام سے گزارش ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی یا غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں۔

اسٹیٹ بینک نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرنسی نوٹوں سے متعلق کسی بھی خبر کی تصدیق صرف بینک کے سرکاری ذرائع سے کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ جس سوشل میڈیا صارف نے یہ ویڈیو بنائی، اس نے خود بھی اعتراف کیا ہے کہ یہ نوٹ جعلی ہے اور صرف ایک ذاتی ڈیزائن ہے، جسے اب غلط طور پر اسٹیٹ بینک کی جاری کردہ کرنسی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

نتائج:۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایک ہزار روپے کا نیا کرنسی نوٹ جاری نہیں کیا گیا۔

Author

تازہ ترین