spot_img

فیکٹ چیک: اسرائیل ایران جنگ کے دوران پاکستان سے منسوب سوشل میڈیا بیان جعلی قرار

ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران سوشل میڈیا پر پاکستان کے نام سے منسوب ایک بیان گردش کر رہا ہے جس میں مبینہ طور پر اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف ممکنہ ’جوہری ردعمل‘ کی بات کی گئی ہے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔

دوسری جانب سینیئر صحافی اعزاز سید نے بتایا ہے کہ سفارتی ذرائع نے اس بیان کو مکمل طور پر جعلی، بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے کر اس کی سختی سے تردید کی ہے۔

اعزاز سید کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا یہ جعلی بیان ایک گمراہ کن مہم کا حصہ ہے، جس میں ایرانی جھنڈے اور پاکستانی پرچم کو ساتھ ملا کر یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ پاکستان نے ایران کی حمایت میں کسی قسم کا جنگی یا جوہری بیان دیا ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

ذرائع نے واضح کیا کہ پاکستان کی حکومت یا کسی ریاستی ادارے کی جانب سے ایران کی حمایت میں ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا، اور نہ ہی پاکستان کی پالیسی میں ایسی کوئی تبدیلی واقع ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ یہ بات بھی بے بنیاد ہے کہ پاکستان نے امریکا کو اسرائیل کے خلاف کسی ممکنہ ردعمل سے آگاہ کیا ہے۔

سفارتی ذرائع نے زور دے کر کہاکہ بعض سوشل میڈیا صارفین اور ویب پلیٹ فارمز پر اس جعلی بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی افواج ایران کے ساتھ مل کر اسرائیل کے خلاف جنگ میں شریک ہو رہی ہیں، جو کہ سراسر غلط، جھوٹ پر مبنی اور خطرناک پروپیگنڈا ہے۔

ذرائع نے عوام اور میڈیا کو تلقین کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں، تصاویر اور بیانات پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع اور معتبر نیوز اداروں سے ہی خبروں کی تصدیق کریں۔

یہ وضاحت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے اور خطے کی صورتحال پہلے ہی غیر یقینی کا شکار ہے۔ ایسے میں غلط معلومات نہ صرف عوام کو گمراہ کرتی ہیں بلکہ علاقائی امن کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

نتائج:۔ پاکستان نے اسرائیل ایران جنگ میں اسرائیل کے خلاف کسی کارروائی کا اعلان نہیں کیا، یہ فیک نیوز ہے۔

Author

تازہ ترین