پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے والے عام انتخابات کے بعد اب حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ جاری ہے تاہم پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی، جمعیت علما اسلام سمیت دیگر سیاسی پارٹیاں الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دے کر احتجاج کر رہی ہیں۔
سیالکوٹ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 71 سے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کے مقابلے میں الیکشن میں حصہ لینے والی پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ریحانہ امتیاز ڈار دعویٰ کر رہی ہیں کہ فارم 45 کے مطابق وہ خواجہ آصف سے جیت چکی ہیں، اس لیے الیکشن کمیشن ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔
دوسری جانب خواجہ آصف ریحانہ امتیاز ڈار کے دعوے کو غلط قرار دے رہے ہیں۔
ریحانہ امتیاز ڈار کی جیت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ این اے 71 سے فارم 45 کے مطابق 51 ہزار 700 ووٹوں لیڈ سے الیکشن جیت چکی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ریحانہ امتیاز ڈار کی کامیابی کے دعوے کی ایک پوسٹ کو صرف ایک اکاؤنٹ سے ایک ملین سے زیادہ افراد دیکھ چکے ہیں۔ جبکہ 47 ہزار لائیک اور 10 ہزار ری ٹوئٹ بھی کر چکے ہیں۔
تحقیق: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کا یہ اکاؤنٹ جس سے پوسٹ ہوئی بلیوٹک رکھتا ہے۔ پھر بھی اس کی تحقیق بہت ضروری تھی۔ تحقیق کا آغاز ہم نے اسی ٹوئٹ سے کیا۔ جسے موبائل پر کھولنے سے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا نام آدھا نظر آتا ہے جو بظاہر الیکشن کمیشن کا لگتا ہے مگر اسے جب کمپیوٹر پر کھولا گیا اور موبائل پر بھی اس اکاؤنٹ کی معلومات چیک کی گئیں تو معلوم ہوا کہ یہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اکاؤنٹ نہیں بلکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پیروڈی کے نام سے اکاؤنٹ ہے۔ جو نام سے ہی واضح ہے کہ کسی نے اپنے طور پر بنا رکھا ہے۔
حلقہ NA71 کا رزلٹ فارم 45 کے مطابق تیار کر دیا گیا ہے جس میں ریحانہ ڈار 51700 ووٹوں کی لیڈ سے کامیاب قرار دی گئی ہیں pic.twitter.com/hifrLKmRFn
— Election Commission of Pakistan (Parody) (@ECP_Pak) February 15, 2024
پھر بھی ممکن ہے کہ اکاؤنٹ جعلی ہو مگر دعویٰ سچ ہو، اس لیے ہم نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا آفیشل اکاؤنٹ تلاش کیا جو ہمیں باآسانی مل گیا اور اس پر گرے ٹک موجود تھی جو سوشل پلیٹ فارم ایکس کی جانب سے کسی حکومتی ادارے کو تحقیق کے بعد جاری کیا جاتا ہے۔ اس اکاؤنٹ پر ایسی کوئی پوسٹ نہیں ملی جس میں این اے 71 کے نئے رزلٹ کی معلومات ہوں جس کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔
مزید تحقیق کے لیے ہم نے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر این اے 71 کے نتائج کی تلاش کی ۔ جہاں مسلم لیگ نواز کے امید وار خواجہ محمد آصف 119001 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ آزاد امیدوار ریحانہ امتیاز ڈار100482 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
Form 45 Sialkot by Ghulam Mustafa hashmi on Scribd
تحقیق کا نتیجہ: ریحانہ امتیاز ڈار کی جیت کا دعویٰ غلط ہے۔ جس اکاؤنٹ کی مدد سے اس دعویٰ کو سچ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی وہ بھی جعلی ہے۔
(کامران ساقی، لاہور)