پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے خلاف راولپنڈی میں دھوکہ دہی کا مقدمہ درج ہونے کی خبر من گھڑت نکلی۔
آج راولپنڈی پولیس نے مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر چلنے والی اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ شاہد آفریدی کے خلاف راولپنڈی میں کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔
بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سابق کرکٹر شاہد آفریدی کے خلاف تھانہ روات ضلع راولپنڈی میں دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج ہونے کے حوالے سے چلنے والی خبروں میں قطعی طور پر کوئی صداقت نہیں ہے، سابق کرکٹر شاہد آفریدی کے خلاف کسی قسم کی کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ مدعی مقدمہ… https://t.co/APp2d1G0aF pic.twitter.com/a0XsWks6hn
— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) February 27, 2024
پولیس نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ یہ خبر پھیلائی جا رہی ہے کہ شاہد آفریدی کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت تھانہ روات ضلع راولپنڈی میں مقدمہ درج ہوا ہے۔ ’سابق کپتان کے خلاف کوئی بھی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی‘۔
پولیس نے بتایا کہ مدعی مقدمہ نے جو ایف آئی آر درج کروائی ہے اس میں دیگر افراد کے نام ہیں، اور اس کے متن میں مختلف میڈیا چینلز پر چلنے والے اشتہار کا ذکر ہے۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل ایک خبر سامنے آئی تھی کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان دھوکہ دہی کے کیس میں نامزد ہو گئے ہیں اور ان کے خلاف راولپنڈی کے تھانہ روات میں مقدمہ درج ہو گیا ہے۔ تاہم پنجاب پولیس نے آج اس کی تردید کردی۔